0
Sunday 28 Jun 2020 18:32

ڈی آئی خان، دہشتگردوں سے نمٹنے کیلئے پولیس کی مشقیں جاری

ڈی آئی خان، دہشتگردوں سے نمٹنے کیلئے پولیس کی مشقیں جاری
اسلام ٹائمز۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں حساس مقامات کی موثر نگرانی اور انسدادی دہشت گردی کے حوالے سے پولیس فورس کی عملی مشقوں کا سلسلہ جاری ہے، یہ مشقیں پولیس جوانوں کی پیشہ وارانہ استعدادی صلاحیتوں کو بڑھانے اور کسی بھی ممکنہ گڑ بڑ کی صورت میں عوام کی جان و مال اور سرکاری و نجی املاک کے تحفظ کو یقینی بنانے کے مقصد کے تحت انجام دی گئیں۔ پولیس اور ایلیٹ فورس کی مشقوں میں دیگر اداروں کے اہلکار بھی حصہ لے رہے ہیں، اس سلسلہ میں پولیس لائنز میں دہشت گردانہ حملے کو بھرپور دفاعی انداز میں ناکام بنانے کی غرض سے فرضی مشق کا انعقاد کیا گیا، جس میں پولیس اور ایلیٹ فورس کے جوانوں نے حملہ آوروں کا مقابلہ کرنے اور یرغمالیوں کو بحفاظت باہر نکالنے کا عملی مظاہرہ کیا۔ فرضی مشق کے دوران پولیس جوانوں نے مزاحمت کاروں کے خلاف طاقت کے استعمال اور اُن کی گرفتاری عمل میں لانے کے علاوہ پولیس کے ساتھ مزاحمت کے دوران زخمی ہونے والے افراد کو فوری طبی امداد فراہم کرنے اور مزاحمت کاروں کے حملے سے خود کو محفوظ رکھنے کی مشق دہرائی اور مختلف فارمیشنز کا عمالی مظاہرہ پیش کیا۔ سینٹ جانز سبزی منڈی میں منعقد فرضی مشق کے موقع پر پولیس جوانوں نے علاقے کو گھیرے میں لیے رکھا اور حفاظتی اقدامات و ہائی الرٹ سکیورٹی کے تحت مقامی آبادی کو محفوظ رکھنے کے لیے بھی مناسب اقدامات اُٹھائے گئے تھے۔

پولیس کی فرضی مشقوں کے تمام تر عوامل کی نگرانی ضلعی پولیس سربراہ کیپٹن (ر) واحد محمود نے کی جبکہ ڈی ایس پی ایلیٹ فورس یوسف خان اور ریزرو انسپکٹر پولیس لائنز نے انسداد دہشت گردی کی مشق کے اپریشنل دستوں کی کمانڈ سنبھال رکھی تھی موقع پر موجود ضلعی سربراہ نے کاؤنٹر ٹیرارزم کی فرضی مشقوں میں حصہ لینے والے پولیس، ایلیٹ فورس کے جوانوں کی عملی طور پر پیش کردہ اپریشنل کاروائی کا باریک بینی سے جائزہ لیتے ہوئے اُن کی بہترین پیشہ وارانہ کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا اور اُنھیں مزید احتیاطی تدابیر اپنانے او اپنے دفاعی تجربات میں مزید مہارت حاصل کرنے کی ہدایت کی۔ ضلع بھر میں انسداد دہشت گردی اور نگرانی کی موثر حکمت عملی کے تحت جاری پولیس فورس کی عملی مشقوں کے مقاصد اور افادیت کے حوالے سے ڈی پی او ڈیرہ کا کہنا ہے کہ عوام کی جان و مال اور عزت و آبرو کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے جبکہ قانون کی حکمرانی اور ریاست کی رٹ کو برقرار رکھنا، پولیس فورس کی حلف وفادای کا نقطہ نظر ہے، جس کے لیے تمام توانائیوں کو بروئے کار لایا جائے گا۔ دہشت گردی کے تجربے اور درپیش چیلنجز سے بہتر طور پر نبر دآزما پولیس فورس امن کی ضامن بن چکی ہے۔ ڈی پی او نے پولیس جوانوں پر زور دیا کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے منعقد فرضی مشقوں میں حاصل کردہ تجربے کو عوام کے بہتر مفاد کے لیے بروئے کار لائیں اور پرفیشنلزم کی بنیا د پر مطلوبہ اہداف حاصل کرنے میں کوئی کسر باقی نہ چھوڑیں تاکہ شر پسند عناصر کو اپنے مزموم عزائم کی تکمیل کا کوئی موقع نہ ملے۔
خبر کا کوڈ : 871376
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش