0
Sunday 28 Jun 2020 20:43

سی پیک میں کرپشن کی تحقیقات روک کر مذاکرات میں زیادہ رعایتیں حاصل کرنیکی کوشش کی جا رہی ہے، فنانشل ٹائمز

سی پیک میں کرپشن کی تحقیقات روک کر مذاکرات میں زیادہ رعایتیں حاصل کرنیکی کوشش کی جا رہی ہے، فنانشل ٹائمز
اسلام ٹائمز۔ برطانیہ کے معروف اقتصادی جریدے  فنانشنل ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت پاکستان چین سے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے منصوبوں کی شرائط پر از سر نو مذاکرات کی کوششیں کررہی ہے۔ برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق سی پیک منصوبوں پر دو بارہ مذاکرات کا سبب وہ تحقیقاتی رپورٹس بنی ہیں جن میں چینی کمپنیوں کے اشتراک سے بنے بجلی گھروں میں اضافی لاگت اور بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر کی گئی تحقیقات میں یہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ پورٹ قاسم الیکٹرک پاورکمپنی اور شین ڈونگ رووی انرجی کے اشتراک سے بنے کول پاورپلانٹ کی لاگت اور قرض کی شرح میں 3 ارب ڈالر اضافی ادائیگی کی جارہی ہے۔

اخبار کا کہنا ہے کہ پاکستان وقتاً فوقتاً ایسے معاہدوں میں پھنستا رہا ہے جو اس کی معیشت کو نقصان پہنچاتے رہے ہیں۔ فنانشل ٹائمز نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان نے چین کے دباؤ پر سی پیک منصوبوں میں کرپشن کی تحقیقات روک دی ہیں جس کا ایک مقصد مذاکرات میں زیادہ رعایتیں حاصل کرنا ہے۔ خیال رہے کہ اکتوبر 2019ء میں چائنا پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے۔ دوسرے مرحلے میں مغربی روٹ پر 1270 کلومیٹر طویل شاہراہیں تعمیر کی جائیں گی اور یہ شاہراہیں گلگت سے چترال اور ڈیرہ اسماعیل خان سے ژوب تک تعمیر کی جائیں گی۔


واضح رہے کہ 2018ء میں بھی برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان کی نئی حکومت چین کے ساتھ ہونے والے سی پیک معاہدوں پر دوبارہ غور کرے گی اور اس حوالے سے نئے سرے سے شرائط طے کی جائیں گی۔ برطانوی اخبار کے مطابق پاکستانی وزیراعظم کے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کا انٹرویو دیتے ہوئے کہنا تھا کہ سی پیک معاہدوں میں پاکستانی کمپنیوں کو نقصان پہنچ رہا ہے اور چینی کمپنیاں ناجائز فائدہ اٹھا رہی ہیں لہذا سی پیک منصوبوں کو ایک سال کے لیے روک دینا چاہیے۔ فنانشل ٹائمز کی رپورٹ پر مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کا کہنا تھا کہ اخبار نے ان کا انٹرویو سیاق و سباق سے ہٹ کر شائع کیا جب کہ اس حوالے سے وزارت تجارت کا کہنا تھا کہ سی پیک کے مستقبل پر پاکستان اور چین کے درمیان اتفاق ہے، پاکستان سی پیک کو رول بیک نہیں کررہا، پاکستان نے چین کے وزیر خارجہ کو یقین دہانی کرائی ہے کہ سی پیک قومی ترجیحی منصوبہ ہے۔
خبر کا کوڈ : 871393
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش