1
Sunday 28 Jun 2020 21:32
سید مقاومت کیخلاف بیان بازی

امریکی سفیر وزارت خارجہ طلب، لبنانی عدالت نے سزا سنادی

امریکی سفیر وزارت خارجہ طلب، لبنانی عدالت نے سزا سنادی
اسلام ٹائمز۔ لبنانی مزاحمتی تحریک حزب اللہ اور اس کے سیکرٹری جنرل سید حسن نصراللہ کے خلاف بیان بازی کے جواب میں لبنانی وزارت خارجہ نے امریکی سفیر "ڈورتھی شے" کو طلب کر کے سفارتی آداب سے مطلع کیا ہے۔ علاوہ ازیں ملکی معاملات میں مداخلت کے جرم میں لبنانی عدالت نے امریکی سفیر ڈورتھی شے کو سزا بھی سنا دی ہے۔ عرب ای مجلے النشرہ کے مطابق اس حوالے سے لبنانی وزارت خارجہ نے خصوصی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ویانا معاہدے کے مطابق کسی سفیر کو میزبان ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت کا حق حاصل نہیں۔ لبنانی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی سفیر کو میزبان ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرنا چاہئے لہذا امریکی سفیر کو بھی مداخلت پر مبنی ایسا کوئی بیان دینے کا حق حاصل نہیں جس سے بعض لبنانی شہری اپنے حکومتی فریق کے خلاف مشتعل ہو جائیں۔

دوسری طرف لبنان کے علاقے "صور" سے تعلق رکھنے والے لبنانی جسٹس محمد مازح نے امریکی سفیر کے مداخلت پر مبنی بیانات کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے "ڈورتھی شے" کے میڈیا بیانات پر 1 سال کی پابندی بھی عائد کر دی ہے۔ قاضی محمد مازح نے اپنے حکم کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ امریکی سفیر کے میڈیا بیانات پر لگنے والی یہ پابندی لبنانی اور لبنان کے اندر کام کرنے والے بین الاقوامی میڈیا پر بھی عائد ہوتی ہے لہذا آج سے 1 سال کی مدت کے دوران لبنان کے اندر "ڈورتھی شے" کا کوئی بھی بیان شائع کرنا جرم ہے۔ واضح رہے کہ لبنان میں امریکی سفیر ڈورتھی شے نے جمعے کے روز ایک ٹیلیویژن چینل کو دیئے گئے اپنے انٹرویو میں دعوی کیا تھا کہ "حزب اللہ"، لبنان کے اقتصادی بحران کے خاتمے میں رکاوٹ اور "سید حسن نصراللہ" لبنانی استحکام کے لئے خطرہ ہیں۔ دوسری طرف لبنانی میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکی سفیر ڈورتھی شے کو اس سے قبل لبنان کے اندر قید اسرائیلی جاسوس "عامر فاخوری" کو جیل توڑنے میں مدد فراہم کرنے کے الزام میں وزارت خارجہ طلب کیا گیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 871394
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش