0
Tuesday 30 Jun 2020 21:36

جی بی الیکشن میں انتخابی مہم کی قیادت خود کرونگا، بلاول بھٹو

جی بی الیکشن میں انتخابی مہم کی قیادت خود کرونگا، بلاول بھٹو
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان اور پیپلزپارٹی کا لازوال رشتہ روز اول سے قائم ہے جسے دنیا کی کوئی طاقت ختم نہیں کر سکتی۔ تحریک انصاف کی دوسالہ بدترین حکومت کا احتساب کا آغاز جی بی کے انتخابات سے ہوگا۔ جی بی کے عوام آئندہ انتخابات کو تحریک انصاف کی حکومت کےخلاف ریفرنڈم ثابت کریں گے۔ وفاقی حکومت نے کرونا کی وبا میں گلگت بلتستان کو تنہا چھوڑ دیا ہے جس کی وجہ سے آج جی بی میں صحت کی سہولیات ناپید ہو چکی ہیں۔ پیپلز پارٹی کسی کے لئے میدان خالی نہیں چھوڑے گی بلکہ تمام ایس او پیز کے مطابق انتخابی مہم چلائے گی۔ گلگت بلتستان انتخابات میں پیپلزپارٹی کی انتخابی مہم کی خود قیادت کروں گا۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے جی بی کے پارٹی رہنماؤں کے ساتھ آمدہ انتخابات کے حوالے سے منعقدہ ویڈیو لنک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ویڈیو لنک اجلاس میں صوبائی صدر پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان امجد حسین ایڈووکیٹ، سابق وزیر اعلی مہدی شاہ، صوبائی جنرل سیکریٹری انجینئر اسماعیل، سیکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش، محمد موسی، سابق سینئر صوبائی وزیر محمد جعفر، محمد علی اختر، عمران ندیم، علی مدد شیر، ایوب شاہ، عباس موسوی، شمس الدین، عتیق ایڈووکیٹ، بشیر احمد، آفتاب حیدر، آغا محمد علی شاہ و دیگر شریک تھے۔ اجلاس میں مرکزی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو جی بی کی قیادت نے علاقے کی مجموعی سیاسی صورت حال پر بریفنگ دی۔ مرکزی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو گلگت بلتستان میں کرونا وائرس کو قابو پانے میں حکومتی نااہلی سے بھی آگاہ کیا گیا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو پارٹی ٹکٹ ہولڈرز نے اپنے اپنے حلقہ انتخاب کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ وباء کے دنوں میں سندھ کے انتخابی حلقوں میں ضمنی انتخابات نہیں ہو رہے جبکہ گلگت بلتستان کے 24 حلقوں میں انتخابات کا اعلان کیا گیا ہے جس سے وفاقی حکومت کی اس علاقے کے ساتھ دلچسپی اور ہمدردی کا اظہار ہو رہا ہے جو باعث حیرت ہے۔ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے باوجود گلگت بلتستان میں انتخابات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اگر وباء کے دنوں میں بھی جی بی میں انتخابات ہوئے تو میں خود بھرپور طریقے سے انتخابی مہم چلاؤں گا۔  پارٹی امیدوار سماجی فاصلے کی ایس او پیز کو اختیار کرتے ہوئے انتخابی مہم چلائیں۔ انشاء اللہ گلگت بلتستان میں شکست سے عمران خان اور پی ٹی آئی حکومت کے احتساب کا آغاز ہوگا۔ پاکستان پیپلزپارٹی انشاء اللہ جی بی الیکشن جیتے گی۔ گزشتہ انتخابات میں ہونے والی بدترین دھاندلی کا جواب دے گی۔ انہوں نے پیپلزپارٹی کی صوبائی تنظیم کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت سوائے پیپلزپارٹی کے کسی اور جماعت کے پاس یونین کونسل اور محلوں کی سطح تک کارکن اور تنظیم نہیں ہے۔

بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اور گلگت بلتستان کا بہت مضبوط رشتہ ہے۔ جی بی کے عوام کے حقوق کا دفاع ہمیشہ کی طرح صرف پیپلزپارٹی کرے گی اور بھرپور طریقے سے تمام حفاظتی اقدامات کے ساتھ الیکشن لڑے گی۔ تحریک انصاف کے پاس گراس روٹ لیول پر عوام کی سپورٹ نہیں ہے اس لئے وہ  دھاندلی کے ذریعے جیتنے کی کوشش کریں گے۔ لیکن پیپلزپارٹی ایسی کسی بھی قسم کی سازش کو شکست دے گی۔ اس وقت اس بات کی ضرورت ہے کہ جی بی میں صاف شفاف الیکشن ہوں تاکہ عوام کے اصل نمائندے اسمبلی میں پہنچ کر صحیح معنوں میں عوامی نمائندگی کریں۔ وفاقی حکومت نے اس وباء کے دوران گلگت بلتستان کے عوام کو بے یار و مددگار چھوڑ دیا ہے، ہیلتھ ایمرجنسی کے حوالے سے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں اٹھائے گئے، صحت کی بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کی وجہ  سے لوگ زندگی کی بازی ہار رہے ہیں۔ گلگت بلتستان کے پارٹی عہدیداران اور کارکنان اپنے ساتھ ساتھ دیگر افراد کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کریں۔ پیپلزپارٹی پارٹی نے جی بی کے انتخابات کے لئے امیدواروں سے ٹکٹ کی درخواستیں بھی طلب کر لی ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اجلاس کے آخر میں جی بی میں کورونا وائرس کا شکار ہو کر زندگی کی بازی ہارنے والے افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت بھی کیا۔ 
خبر کا کوڈ : 871405
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش