QR CodeQR Code

اختلافات کے باوجود مسلم لیگ (ق) بجٹ ووٹ میں حکومت کی حمایت کرے گی

29 Jun 2020 10:20

پارٹی ذرائع نے میڈیا کو بتایا کہ ’مسلم لیگ (ق) کی قیادت نے وزیراعظم کے عشائیے میں شرکت سے انکار کیا کیونکہ انہوں نے پارٹی قیادت کو براہ راست دعوت دینے کی زحمت گوارا نہیں کی تھی۔


اسلام ٹائمز۔ حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور اس کی اتحادی جماعت پاکستان مسلم لیگ (ق) کے درمیان گزشتہ روز اختلافات منظر عام پر آئے جب چوہدری برادران نے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے ان کی بنی گالہ رہائش گاہ میں دیے گئے عشائیہ میں شرکت نہیں کی۔تاہم مسلم لیگ (ق) نے وفاقی بجٹ 2021-21ء کی منظوری کے لیے ووٹ ڈالنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی بجٹ کی منظوری کے لیے ووٹ دینے کا فیصلہ مسلم لیگ (ق) کے اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الٰہی نے مشترکہ طور پر اپنی ظہور الٰہی روڈ پر واقع رہائش گاہ پر کی۔ اجلاس میں مسلم لیگ (ق) کے ساتھ وزیراعظم خان کے سرد رویے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پارٹی ذرائع نے میڈیا کو بتایا کہ ’مسلم لیگ (ق) کی قیادت نے وزیراعظم کے عشائیے میں شرکت سے انکار کیا کیونکہ انہوں نے پارٹی قیادت کو براہ راست دعوت دینے کی زحمت گوارا نہیں کی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ اگر ان کا چوہدری برادران پر عدم اعتماد ہے اور اہم قومی معاملات پر وہ ان سے مشاورت نہیں کرتے تو عمران خان سے ملاقات کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ (ق) لیگ وزیراعظم کی جانب سے اپنے اتحادیوں کے ساتھ بہتر رویہ نہ رکھنے پر اپنی گہری تشویش کے باوجود حکومت کی اتحادی رہے گی۔


خبر کا کوڈ: 871450

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/871450/اختلافات-کے-باوجود-مسلم-لیگ-ق-بجٹ-ووٹ-میں-حکومت-کی-حمایت-کرے-گی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org