0
Monday 29 Jun 2020 11:20

پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملہ ناکام، تمام دہشتگرد ہلاک

پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملہ ناکام، تمام دہشتگرد ہلاک
اسلام ٹائمز۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملہ ناکام بناتے ہوئے سیکیورٹی فورسز نے تمام حملہ آور دہشتگروں کو ہلاک کر دیا ہے، ہلاک دہشتگردوں کی تعداد چار ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گروں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا، 4 دہشتگرد ایک کار میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے احاطے میں داخل ہوئے، گاڑی سے نکلتے ہی انہوں نے فائرنگ شروع کردی۔ اس موقع پر عمارت کی سیکیورٹی پر تعینات گارڈز اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں نے انہیں روکنے کی کوشش کی، جس پر دہشت گردوں نے فائرنگ کے ساتھ ساتھ دستی بم پھینکے۔ فائرنگ کے تبادلے میں تمام دہشتگرد ہلاک، جبکہ متعدد سیکیورٹی گارڈز جاں بحق اور زخمی ہوئے۔ مجموعی طور پر 9 لاشوں اور 8 زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جاں بحق ہونے والوں میں 4 سیکورٹی گارڈ اورسندھ پولیس کا ایک سب انسپکٹر شامل ہیں، جبکہ چاروں دہشتگردوں کی لاشیں بھی سول اسپتال میں ہی لائی گئی ہیں۔ ڈی آئی جی ساوتھ کا کہناہے کہ دہشتگرد جس گاڑی میں آئے تھے، اسے بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق دہشت گروں کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر جدید اسلحہ اور دستی بموں سے حملہ کیا تھا۔

ایس ایس پی سٹی مقدس حیدر کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے پولیس اہلکار اور 4 سیکیورٹی گارڈ جاں بحق ہوئے ہیں، جبکہ سول اسپتال میں 7 زخمیوں کو منتقل کیا گیا ہے۔ مقدس حیدر نے بتایا کہ فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا ہے، جسے اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ ڈی آئی جی ساؤتھ شرجیل کھرل کے مطابق حملہ آوروں کے پاس جدید ہتھیار موجود تھے، وہ پارکنگ کے ذریعے عمارت میں داخل ہوئے تھے۔ ذرائع کے مطابق چاروں دہشتگرد ٹی شرٹ، جینز اور ٹراؤزر پہنے ہوئے تھے، دہشتگردوں کی جیبوں سے شناخت کی کوئی چیز نہیں نکلی، حملہ آوروں  کی عمریں 22 سال سے 28 برس کے درمیان ہیں۔ دوسری جانب پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ 2 سے 3 مشتبہ افراد کو پولیس نے جائے وقوعہ سے گرفتار کیا گیا ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو سیل کرکے تلاشی کے عمل کے بعد عمارت کو کلیئر قرار دے دیا، تاہم کسی کو بھی عمارت سے باہر جانے اور اندر آنے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 871455
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش