QR CodeQR Code

انجینئر رشید کو تہاڑ جیل سے رہا کیا جائے، اہلخانہ کا مطالبہ

29 Jun 2020 15:13

شیخ ابرار نے کہا کہ نہ تو فاروق عبد اللہ، نہ ان کے بیٹے عمر عبداللہ یا کسی دوسرے رہنما نے اُن کے والد کی رہائی کا مطالبہ کیا حالانکہ وہ اچھی طرح جانتے ہیں کہ انجینئر رشید کو کسی جھوٹے مقدمے میں پھنسایا گیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر کی اسمبلی کے سابق ممبر انجینئر رشید کے اہل خانہ نے ان کی گرفتاری کو بلاجواز قرار دیکر بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ان کی نظربندی کو ختم کرکے اُنہیں تہاڑ جیل سے رہا کیا جائے۔ تہاڑ جیل میں نظربند سابق ممبر اسمبلی انجینئر رشید کے فرزند شیخ ابرار نے اپنے والد کو رہا نہ کرنے پر بھارتی حکومت کی زبردست تنقید کی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ حکومت نے تقریباً تمام بھارت نواز سیاسی لیڈران کو رہا کیا ہے جو کہ سرینگر اور جموں و کشمیر سے باہر کی جیلوں میں نظربند تھے، تو پھر اُن کے والد انجینئر رشید کو رہا کیوں نہیں کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ وادی کشمیر کے کسی بھی سیاسی لیڈر نے اُن کے والد کی رہائی کا مطالبہ نہیں کیا۔ شیخ ابرار نے کہا کہ نہ تو فاروق عبد اللہ، نہ ان کے بیٹے عمر عبداللہ یا کسی دوسرے رہنما نے اُن کے والد کی رہائی کا مطالبہ کیا حالانکہ وہ اچھی طرح جانتے ہیں کہ انجینئر رشید کو کسی جھوٹے مقدمے میں پھنسایا گیا ہے۔ شیخ ابرار نے کہا کہ ان کے والد ہمیشہ عوام کی آواز بن کر اپنی سرگرمیاں انجام دیتے رہے جس کے نتیجے میں بالآخر اگست 2019ء میں انہیں جیل بھیج دیا گیا۔

انجینئر رشید کے والد خضر محمد نے بتایا کہ تہاڑ جیل میں کورونا وائرس کے واقعات میں اضافے نے انہیں ذہنی طور پر تکلیف دی ہے اور وہ رشید کی صحت سے پریشان ہیں۔ خضر محمد نے تہاڑ جیل میں انجیئنر عبدالرشید کی مسلسل نظربندی پر خاموش تماشائی سیاسی اور سول سوسائٹی رہنماؤں سے پوچھا کہ میرا بیٹا قانون بنانے والا تھا، مجرم نہیں۔ انجینئر عبدالرشید کے والد نے بتایا کہ حکومت کو چاہیئے کہ یا تو اُسے رہا کرے یا پھر اُسے سرینگر جیل منتقل کردیا جائے۔


خبر کا کوڈ: 871464

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/871464/انجینئر-رشید-کو-تہاڑ-جیل-سے-رہا-کیا-جائے-اہلخانہ-کا-مطالبہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org