QR CodeQR Code

عمران خان کو عوام کا اعتماد حاصل ہے وہ استعفیٰ نہیں دیں گے، شاہ محمود قریشی

29 Jun 2020 13:44

قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران وزیر خارجہ نے کہا کہ سودا کرنے نہیں آئے، سوداگر نہیں ہیں نظریے کا سودا نہیں کریں گے، گزشتہ روز پریس کانفرنس میں اور آج ایک پارلیمانی رکن نے کہا کہ وزیراعظم استعفیٰ دے دیں۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم خان سے مستعفی ہونے کے مطالبے پر کہا ہے کہ عمران خان کو عوام کا اعتماد حاصل ہے وہ استعفیٰ نہیں دیں گے۔ اسپیکر قومی اسمبلی کی سربراہی میں جاری بجٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں خواجہ آصف کو یقین دلاتا ہوں کہ کورونا کا شکار کسی رکن کو ایوان میں آنے کی اجازت نہیں دی نا ہم اتنے غیر ذمہ دار ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمیں کوئی مایوسی نہیں ہے یہ ایک سالانہ فنانس بل ہے جو ہر سال پیش کیا جاتاہے اور ان غیر معمولی حالات میں جس طرح ایوان چلایا گیا اور جن افراد نے اس کی سربراہی کی، مختلف جماعتوں کی جانب سے مختص کردہ وقت سے کہیں زیادہ تجاوز کرتے ہوئے اپوزیشن میں سے جس رکن نے بات کرنا چاہی انہیں موقع دیا گیا۔
 

انہوں نے کہا کہ یہ ساری کارروائی بہت اچھے طریقے سے آگے بڑھی ہے اور میں کورونا کا شکار کسی رکن کو ایوان میں بلانے کی تردید کرتا ہوں۔ وزیر خارجہ نے اپوزیشن سے کہا کہ کہا جاتا تھا کہ ان کی صفوں میں کھلبلی مچ گئی، آج دیکھ لیں عمران خان کا ایک ایک ٹائیگر یہاں موجود ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سب عمران خان اور اس کے نظریے کے ساتھ کھڑے ہیں، حکومتوں کی پرواہ نہیں نظریے کا دفاع کریں گے، سودے بازی نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج پوری قوم سن لے کہ عمران خان ایک مقصد کے لیے آیا ہے، انہوں نے کہا کہ میں اپنی اتحادی جماعتوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ سو جتن کرلیے گئے لیکن وہ چٹان کی طرح اپنی جگہ قائم ہیں اور رہیں گے۔

قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سودا کرنے نہیں آئے، سوداگر نہیں ہیں نظریے کا سودا نہیں کریں گے۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز پریس کانفرنس میں اور آج ایک پارلیمانی رکن نے کہا کہ وزیراعظم استعفیٰ دے دیں، وزیراعظم استعفیٰ کیوں دیں عمران خان کو ایوان کا اعتماد حاصل ہے، پاکستانی عوام نے انہیں مینڈیٹ دیا ہے وہ استعفیٰ نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بھی کہا گیا کہ نوٹس لینا بند کردیں یہ کرپشن کریں، منی لانڈرنگ کریں اور ہم نوٹس نا لیں، عمران خان تو آئے ہی نوٹس لینے کے لیے ہیں۔ وزیر خارجہ سے قبل پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن خواجہ آصف نے کہا تھا کہ میں حکومتی اراکین سے یہ یقین دہانی چاہوں گا کہ آج (29 جون) ایوان میں کورونا کا شکار کوئی رکن موجود نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے علم میں یہ بات آئی ہے کہ حکومتی اراکین کورونا کا شکار اراکین کو اسمبلی میں لائے ہیں، انہیں مجبور کیا گیا ہے کہ وہ ووٹنگ کے وقت یہاں موجود ہوں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ یہ میرے یا 342 افراد کے تحفظ کی بات نہیں، آج پورا پاکستان بجٹ اجلاس دیکھ رہا ہے اگر قوم کو پیغام جائے گا کہ اپنا اقتدار بچانے کے لیے، اگر اپنے بجٹ کو پاس کرانے کے لیے کورونا کا شکار اراکین کو ایوان مین لایا گیا تو یہ جمہوریت اور پارلیمنٹ کی توہین ہوگی۔ انہوں نے اسپیکر اسمبلی سے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ آج اور کل ہونے والے اجلاسوں میں کورونا سے متاثر اراکین شریک نہیں ہوں گے۔


خبر کا کوڈ: 871509

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/871509/عمران-خان-کو-عوام-کا-اعتماد-حاصل-ہے-وہ-استعفی-نہیں-دیں-گے-شاہ-محمود-قریشی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org