QR CodeQR Code

حکومت میرے خلاف یک طرفہ کارروائی کر رہی ہے، اشرف جلالی رو پڑے

29 Jun 2020 18:25

لاہور میں کارکنوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ میں مسلسل برملا اعلان کر رہا ہوں کہ بندہ ناچیز نے حضرت سیدہ طیبہ، طاہرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کی عظمت کی پاسبانی اور حضرت سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی صداقت کے تحفظ کی خاطر جو گفتگو کی، شرعی طور پر اس میں ہرگز کوئی قابل اعتراض بات نہیں بلکہ وہ قرون اولیٰ سے لیکر آج تک کے جمہور مسلمانوں کا عقیدہ ہے۔


اسلام ٹائمز۔ تحریک لبیک یارسول اللہ (ص) کے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی اشرف آصف جلالی نے کہا ہے کہ حکومت میرے خلاف یک طرفہ کارروائی کر رہی ہے، کیا حکومت اندھی اور بہری ہے کہ اسے حقائق نظر نہیں آرہے، اس تمام تر معاملے میں حکمرانوں کا رویہ جس کی لاٹھی اس کی بھینس والا ہے، میں کتنے دنوں سے اپنا موقف مسلسل پیش کر رہا ہوں، میری گفتگو کے جس حصے کو مبینہ طور پر سیاق و سباق سے ہٹا کر فتنہ پھیلایا گیا، میں اپنی گفتگو کے اس حصے کی وضاحت بھی سیاق و سباق کی روشنی میں کرچکا ہوں۔ لاہور میں کارکنوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ میں مسلسل برملا اعلان کر رہا ہوں کہ بندہ ناچیز نے حضرت سیدہ طیبہ، طاہرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کی عظمت کی پاسبانی اور حضرت سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی صداقت کے تحفظ کی خاطر جو گفتگو کی، شرعی طور پر اس میں ہرگز کوئی قابل اعتراض بات نہیں بلکہ وہ قرون اولیٰ سے لے کر آج تک کے جمہور مسلمانوں کا عقیدہ ہے۔

اشرف جلالی نے کہا کہ نہ تو میں نے قرآن و سنت کیخلاف کوئی لفظ بولا ہے اور نہ ہی کسی کے پاس میری کسی دلیل کا کوئی جواب ہے، اس کے باوجود میرے خلاف مسلسل کارروائی کی جا رہی ہے، مجھ پر فورتھ شیڈول لگایا گیا ہے، مختلف اضلاع میں میری داخلہ بندی کی گئی ہے، ایک نجی ٹی وی چینل پر مسلسل میرے خلاف میرا موقف سنے بغیر ٹاک شوز کیے جا رہے ہیں اور میرے خلاف بڑے خطرناک الزام لگائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت اور اداروں کا رویہ ایسا ہی رہا تو پھر مجبوراً تنگ آمد بجنگ آمد کی نوبت آجائے گی، حکومت اپنے رویئے پہ نظرثانی کرے۔


خبر کا کوڈ: 871557

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/871557/حکومت-میرے-خلاف-یک-طرفہ-کارروائی-کر-رہی-ہے-اشرف-جلالی-رو-پڑے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org