QR CodeQR Code

شہید قاسم سلیمانی قتل کیس

ایران نے "ٹرمپ" سمیت جنرل سلیمانی کے قتل میں ملوث 36 افراد کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے

29 Jun 2020 22:27

تہران کے پراسکیوٹر جنرل علی القاصی مہر نے اعلان کیا ہے کہ جنرل قاسم سلیمانی کے قتل میں ملوث ڈونلڈ ٹرمپ سمیت 36 افراد کیخلاف وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے گئے ہیں جبکہ ان افراد میں امریکی سیاسی، فوجی و حکومتی حکام بھی شامل ہیں۔ انہوں نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ حتی اپنے صدارتی دورے کیبعد بھی عدالت کیجانب سے مطلوب باقی رہیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ تہران کے پراسکیوٹر جنرل علی القاصی مہر نے ایرانی سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کو امریکہ کی جانب سے رفقاء سمیت شہید کئے جانے کے خلاف دائر مقدمے کے حوالے سے اعلان کیا ہے کہ 36 افراد جو جنرل قاسم سلیمانی کی ٹارگٹ کلنگ کی کارروائی میں براہ راست شامل تھے یا انہوں نے اس کام میں مدد کی یا اس کا حکم دیا، کے لئے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے گئے ہیں۔ تہران کے پراسیکیوٹر جنرل کا کہنا تھا کہ ان افراد میں امریکی سیاسی، فوجی و حکومتی حکام شامل ہیں جبکہ اس حوالے سے بین الاقوامی (انٹرپول) پولیس کے ذریعے بھی وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے گئے ہیں۔

تہران کے پراسیکیوٹر جنرل علی القاصی مہر نے بتایا کہ جنرل قاسم سلیمانی اور ان کے رفقاء کے قتل میں عدالت کو مطلوب 36 ملزمان میں سرفہرست امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ہیں۔ علی القاصی مہر نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ حتی اپنے صدارتی دورے کے بعد بھی عدالت کی جانب سے مطلوب باقی رہیں گے اور تمام ملزمان کی گرفتاری کے حوالے سے بین الاقوامی سطح پر کوششیں جاری رہیں گی۔ واضح رہے کہ جاری سال کے آغاز میں بغداد ایئرپورٹ کے قریب جنرل قاسم سلیمانی کو ابومہدی المہندس اور دوسرے رفقاء سمیت ایک امریکی ٹارگٹ کلنگ کی کارروائی میں شہید کر دیا گیا تھا۔


خبر کا کوڈ: 871588

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/871588/ایران-نے-ٹرمپ-سمیت-جنرل-سلیمانی-کے-قتل-میں-ملوث-36-افراد-وارنٹ-گرفتاری-جاری-کر-دیئے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org