QR CodeQR Code

اسلامی جمہوریہ ایران سمیت کئی ممالک کی پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشتگرد حملے کی مذمت

30 Jun 2020 01:05

پاکستان میں ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج سے تمام شعبوں میں شکست کھا کر دہشتگرد اپنی فرضی طاقت کااظہار کر رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے ہمسایہ اور دوست ملک چین اور امریکا سمیت مختلف ممالک نے کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی ہے۔ چین نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی جنگ کی پُرزور حمایت کرتا ہے۔ ترجمان چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ چین ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے اور پاکستان کی قومی سلامتی اور استحکام کے لیے کی جانے والی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔ پاکستان میں ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج سے تمام شعبوں میں شکست کھا کر دہشت گرد اپنی فرضی طاقت کا اظہار کر رہے ہیں۔

امریکا نے بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گرد حملے کی مذمت کی ہے۔ ترجمان امریکی سفارت خانے نے ایک بیان میں کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ہماری دعائیں اور ہمدردیاں حملے کا نشانہ بننے والوں کے ساتھ ہیں، حملے میں ملوث افراد کو یقیناً انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ پاکستان میں جاپانی سفیر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حملہ اس وقت ہوا، جب پاکستان تیزی سے امن و استحکام کی طرف رواں ہے۔ جاپانی سفیر کا کہنا ہے کہ جاپان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔


خبر کا کوڈ: 871611

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/871611/اسلامی-جمہوریہ-ایران-سمیت-کئی-ممالک-کی-پاکستان-اسٹاک-ایکسچینج-پر-دہشتگرد-حملے-مذمت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org