QR CodeQR Code

مقدسات کی توہین کرنیوالے کسی رعایت کے مستحق نہیں، بشارت راجہ

30 Jun 2020 11:09

وزیر قانون پنجاب کا کہنا تھا کہ کسی کواس بات کی اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ کسی دوسرے مکتبِ فکر کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچائے، ہماری حکومت نے نہ صرف اس حوالے سے قرار دادیں منظور کیں بلکہ صحابہ کرامؓ اور اہلبیتؑ کی شان میں گستاخی کرنیوالوں کے خلاف تاریخی قانون سازی بھی کی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ صوبائی وزیر قانون، پارلیمانی امور و سوشل ویلفیئر محمد بشارت راجہ نے کہا ہے کہ اہلبیت اطہارؑ اور صحابہ کرامؓ کی شان میں گستاخی کرنیوالے کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں اوران کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔ وہ سول سیکرٹریٹ لاہور میں جماعت اہلسنت کے علمائے کرام کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ ملاقات میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ مومن آغا اور علمائے کرام میں پیر سید منور حسین شاہ جماعتی، مفتی محمد اقبال، پیرزادہ اکرام رضا بغدادی، صاحبزادہ محمد عثمان غنی سمیت دیگر شامل تھے۔ راجہ بشارت نے کہا کہ کسی کواس بات کی اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ کسی دوسرے مکتبِ فکر کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچائے۔
 
انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے نہ صرف اس حوالے سے قرار دادیں منظور کیں بلکہ صحابہ کرامؓ اور اہلبیتؑ کی شان میں گستاخی کرنیوالوں کیخلاف تاریخی قانون سازی بھی کی ہے۔ اس کے علاوہ گستاخانہ مواد والی کتابوں پر پابندی بھی لگائی اور مستقبل میں متحدہ علما بورڈ کو مذید مضبوط اور موثر بنانے کے حوالے سے مشاورت بھی جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر بھی متنازعہ اور گستاخانہ مواد کی روک تھام کیلئے ہماری حکومت نے کام شروع کردیا ہے جس کیلئے جامع اور موثر قانون بنایا جا رہا ہے۔علما ئے کرام نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے نام کے ساتھ خاتم النیین لازمی لکھنے اور بولنے کی قرارداد منظورکرنے پر بھی ہم وزیر اعلی پنجاب کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 871651

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/871651/مقدسات-کی-توہین-کرنیوالے-کسی-رعایت-کے-مستحق-نہیں-بشارت-راجہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org