QR CodeQR Code

نیب سمیت تمام متنازعہ قوانین میں ترامیم کرنی چاہیے، فواد چوہدری

30 Jun 2020 12:38

قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا کہنا تھا کہ عوام اب ہمیں آپس میں لڑتا نہیں ملکر کام کرتا دیکھنا چاہتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ہمیں آپس کی لڑائیوں سے آگے نکلنا چاہیے، نیب سمیت تمام متنازعہ قوانین میں ترامیم کرنی چاہیے، عوام اب ہمیں آپس میں لڑتا نہیں ملکر کام کرتا دیکھنا چاہتے ہیں۔ قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ ہمیں مل کر اصلاحات پر بات کرنی ہو گی، حکومت اور اپوزیشن کو کم سے کم ایجنڈا پر اتفاق کرنا چاہیے، ہم نے اپنے پرانے سیٹھوں، سرمایہ داروں پر کافی خرچ کر لیا اب ہمیں نوجوانوں پر خرچ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں این ایف سی ایوارڈ اور نیب قوانین میں ترمیم کرنی چاہیے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے سائنسدانوں اور ٹیکنیشنز کو خراج تحسین پیش کرنا چاہئے، 26 فروری تک کورونا وائرس کے حوالے سے کچھ بھی پاکستان خود تیار نہیں کر رہا تھا اور دنیا بھر کی طرح ہم بھی حفاظتی کٹس درآمد کر رہے تھے مگر آج ہم ملک میں حفاظتی کٹس بنا رہے ہیں اور 100 ملین ڈالر کی ایکسپورٹ کر رہے ہیں۔ فواد چوہدری نے کہا کہ آج ہم نے پاکستان میں وینٹی لیٹرز بنائے ہیں جنہیں جمعرات یا جمعہ کو این ڈی ایم اے کو فراہم کر دیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر چیزیں امپورٹ ہوں گی تو قیمت زیادہ ہو گی، ہم نے جو وینٹی لیٹر بنائے ہیں ان کی قیمت درآمد کیے گئے وینٹی لیٹرز سے ایک تہائی ہے۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ ہم ٹیسٹنگ کٹس بنا رہے ہیں، جن کی قیمت درآمدی ٹیسٹنگ کٹس سےبہت کم ہے۔


خبر کا کوڈ: 871684

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/871684/نیب-سمیت-تمام-متنازعہ-قوانین-میں-ترامیم-کرنی-چاہیے-فواد-چوہدری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org