QR CodeQR Code

اپوزیشن جماعتوں کا بجٹ کیخلاف شاہراہ دستور پر احتجاج

30 Jun 2020 20:46

مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی، رانا ثناء اللہ اور خواجہ آصف کے علاوہ پاکستان پیپلز پارٹی کے نوید قمر کی قیادت میں ہونے والے اپوزیشن جماعتوں کے مظاہرے کے دوران حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔


اسلام ٹائمز۔ قومی اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں کے اراکین نے تحریک انصاف کی حکومت کے دوسرے بجٹ کو عوام دشمن قرار دیتے ہوئے قومی اسمبلی کے باہر شاہراہ دستور پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی، رانا ثناء اللہ اور خواجہ آصف کے علاوہ پاکستان پیپلز پارٹی کے نوید قمر کی قیادت میں ہونے والے اپوزیشن جماعتوں کے مظاہرے کے دوران حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ مظاہرے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے بجلی اور اشیائے خورو نوش کی قیمتیں بڑھیں گی اور عام عوام کی پہنچ سے دور ہوجائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے کہ ہم تباہی کی اس سطح پر پہنچیں جہاں سے واپسی ناممکن ہے، ہمیں حکومت سے چھٹکارا یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے لیے پارلیمنٹ سمیت تمام فورمز کو فعال کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ روز ہم نے پیٹرول کے خلاف قرارداد جمع کرائی تھی جس پر پی ٹی آئی کے ایک رکن اور سارے حکومتی اتحادیوں کے دستخط تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان حالات میں حکومت کے جانے کا وقت ٹھہر گیا ہے اور اس کو تیز کرنے کے لیے ہر سطح پر عوامی رائے کو یکجا کریں گے۔
 


خبر کا کوڈ: 871746

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/871746/اپوزیشن-جماعتوں-کا-بجٹ-کیخلاف-شاہراہ-دستور-پر-احتجاج

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org