QR CodeQR Code

کشمیر کے ریاستی درجہ کی بحالی ناگزیر ہے، غلام حسن میر

30 Jun 2020 21:50

اپنی پارٹی کے لیڈر نے کہا کہ 5 اگست کے بعد جموں و کشمیر کا سیاسی منظرنامہ بہت بدل چکا ہے، لوگ مایوسی کا شکار ہیں کیونکہ اُنکی اقتصادی صورتحال بری طرح متاثر ہوئی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر اپنی پارٹی سینئر لیڈر اور سابقہ وزیر غلام حسن میر نے پارٹی موقف کو دہراتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت اور عوام کے درمیان بڑھ رہی دوری کو کم کرنے کے لئے ریاستی درجہ کی بحالی ناگزیر ہے۔ لال چوک سرینگر میں بنڈ پر اپنی پارٹی دفتر کا افتتاح کرنے کے بعد کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے غلام حسن میر نے پارٹی کی پالیسیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ ایک گھنٹہ کی نشست جس دوران سماجی دوری اور دیگر ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اپنی پارٹی کا مقصد جموں و کشمیر کے تمام خطوں اور ذیلی علاقوں کی عوام کو راحت فراہم کرنا ہے۔ اس نئے سیاسی پلیٹ فارم کو لانچ کرنے کے پیچھے الطاف بخاری کا یہ ویژن ہے کہ اُن تمام ہم خیال لوگوں پیلٹ فارم فراہم کرنا ہے جو اپنی ریاست کی دیانتداری و تندہی سے خدمت کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے یہ بڑی خوشی کا مقام ہے کہ ہم گاندھی نگر جموں میں دفتر کھولنے کے ایک ہفتہ بعد سرینگر میں اپنی پارٹی دفتر کا افتتاح کر رہے ہیں، اب اپنی پارٹی ورکروں کی ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں کیونکہ توقعات اور چیلنجز بہت ہیں تاہم انہوں نے یقین دلایا کہ پارٹی کا سیاسی عزم اتنا مضبوط ہے کہ اُن سبھی چیلنجز کا مقابلہ کرسکتے ہیں جو جموں و کشمیر کے لوگوں کے مفادات کو تحفظ فراہم کرنے کی راہ میں رکاوٹ بنیں گے۔ غلام حسن میر نے کہا کہ 5 اگست کے بعد جموں و کشمیر کا سیاسی منظرنامہ بہت بدل چکا ہے، لوگ مایوسی کا شکار ہیں کیونکہ اُن کی اقتصادی صورتحال بری طرح متاثر ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی غیر یقینیت کے بیچ کووڈ وباء نے عوام کی مشکلات میں کئی گناہ اضافہ کر دیا، اس لئے چیلنجز بہت زیادہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر اپنی پارٹی کی کوشش ہوگی کہ اس خطے میں سماجی، اقتصادی اور سیاسی استحکام کی بحالی کے لئے اپنی انتھک کوششیں کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپنی پارٹی کی اہم توجہ اپنے ویژن کو عملی جامہ پہنانے کے لئے جموں و کشمیر بھر سے نمائندے ہونا اور ترقی کے لئے سیاست ہے کیونکہ لوگوں کو ایک قابل اعتماد آواز کی کمی محسوس ہورہی ہے جو اُن کے مسائل کو اُجاگر کر کے اِن کا ازالہ یقینی بنائے، انہیں یقین ہے کہ اپنی پارٹی اِس سیاسی خلاء کو پورا کرکے عوام کی توقعات پر کھرا اُترے گی۔


خبر کا کوڈ: 871751

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/871751/کشمیر-کے-ریاستی-درجہ-کی-بحالی-ناگزیر-ہے-غلام-حسن-میر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org