QR CodeQR Code

امریکہ ایران سے پابندیاں اٹھا لے، ایران بھی جوہری معاہدے میں واپس آ جائے، اقوام متحدہ

30 Jun 2020 21:56

اقوام متحدہ کی ڈپٹی سیکرٹری جنرل روزماری اے ڈیکارلو نے سلامتی کونسل میں ایرانی جوہری معاہدے (JCPOA) کے بارے منعقد ہونیوالی خصوصی نشست سے خطاب کے دوران امریکہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران میں کووِڈ-19 (کرونا) وائرس سے مقابلے کی کوششوں پر اثرانداز ہونیوالی تمام امریکی پابندیاں اٹھا لیجائیں۔ روزماری ڈیکارلو نے اپنی تقریر میں کہا کہ آج ہم ایک مرتبہ پھر ایران سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ جوہری معاہدے پر پوری طرح عملدرآمد شروع کر دے۔


اسلام ٹائمز۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایرانی جوہری معاہدے (JCPOA) کے حوالے سے خصوصی نشست کا انعقاد کیا گیا۔ ویڈیو کانفرنس کی صورت میں منعقد کی جانے والی اس نسشت سے اقوام متحدہ کی ڈپٹی سیکرٹری جنرل روزماری اے ڈیکارلو (Rosemary A. DiCarlo) نے اپنے خطاب کے دوران امریکہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل چاہتے ہیں کہ ایران میں کووِڈ-19 (کرونا) وائرس سے مقابلے کی کوششوں پر اثرانداز ہونے والی تمام امریکی پابندیاں اٹھا لی جائیں۔ روزماری ڈیکارلو نے اسی طرح ایران سے جوہری معاہدے میں واپس پلٹ آنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایران کے ان اقدامات سے پریشان ہیں جو اس نے جوہری معاہدے سے امریکہ کی یکطرفہ دستبرداری کے جواب میں اٹھائے ہیں۔

اقوام متحدہ کی ڈپٹی سیکرٹری جنرل روزماری اے ڈیکارلو کا کہنا تھا کہ ایرانی جوہری معاہدے سے یکطرفہ امریکی دستبرداری کے جواب میں اٹھائے گئے اقدامات کے باعث ایران جوہری معاہدے کے ذیل میں یورینیم کی افزودگی اور بھاری پانی کے ذخائر کے بارے میں متعین شدہ حدود سے آگے بڑھ گیا ہے۔ روزماری ڈیکارلو نے کہا کہ آج ہم ایک مرتبہ پھر ایران سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ جوہری معاہدے پر پوری طرح عملدرآمد شروع کر دے۔ اقوام متحدہ کی ڈپٹی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ ہم ایرانی جوہری معاہدے کے تمام فریقوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس جوہری معاہدے کے حوالے سے اپنے درمیان موجود اختلافات کو معاہدے کے اندر طے شدہ طریقۂ کار کے مطابق حل کریں۔


خبر کا کوڈ: 871754

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/871754/امریکہ-ایران-سے-پابندیاں-اٹھا-لے-بھی-جوہری-معاہدے-میں-واپس-آ-جائے-اقوام-متحدہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org