0
Wednesday 1 Jul 2020 13:20

جی بی میں روزانہ 25 ہزار جی بی ڈیٹا ڈاؤنلوڈ ہو رہا ہے، سیکٹر کمانڈر ایس سی او

جی بی میں روزانہ 25 ہزار جی بی ڈیٹا ڈاؤنلوڈ ہو رہا ہے، سیکٹر کمانڈر ایس سی او
سپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن (ایس سی او) گلگت بلتستان کے سیکٹر کمانڈر کرنل ثاقب اقبال نے کہا ہے کہ جی بی میں روزانہ 25 ہزار جی بی ڈیٹا ڈاؤنلوڈ ہو رہا ہے تو پھر کیسے کہا جا سکتا ہے کہ نیٹ نہیں چلتا، صرف گلگت میں جنوری کے مہینے میں 5500 جی بی ڈیٹا ڈاؤنلوڈ ہو رہا تھا جو جون میں روزانہ ساڑھے 14ہزار تک پہنچ گیا۔ سکردو میں جنوری میں 21 سو جی بی ڈیٹا ڈاؤنلوڈ ہو رہا تھا جون میں 47 سو جی بی ڈیٹا روزانہ تک پہنچ گیا۔ پورے جی بی میں روزانہ 25 ہزار جی بی ڈیٹا ڈاؤنلوڈ ہو رہا ہے۔ اگر نیٹ نہیں چل رہا تو یہ سارے ڈیٹا ڈاؤنلوڈ کیسے ہو رہا ہے۔ گلگت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کرنل ثاقب اقبال کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے سب سے زیادہ صحت کا شعبہ متاثر ہوا اس کے بعد مواصلات کا شعبہ شدید طور پر متاثر ہوا اس کے باؤجود ہم نے عوام کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے پہلے سے موجود پیکج کو دوگنا کیا اور کویڈ پیکج کے ذریعے روزانہ فری ڈیٹا فراہم کیا گیا۔ جگلوٹ سکردو روڈ کی بار بار خرابی کی وجہ سے بلتستان ریجن میں بلنگ ہاف کر دی، احساس پروگرام کو عملی جامہ پہنانے کیلئے ہماری ٹیم دور دراز علاقوں تک گئی جہاں کوئی جانے کو تیار نہیں ہوتا، ہماری ٹیم دوافتادہ علاقوں تک رسائی حاصل کر کے احساس کفالت پروگرام کے 58 کروڑ روپے تقسیم کیے۔

انہوں نے کہا کہ ایس سی او نے نیٹ ورک کو توسیع دینے اور جدید تر بنانے کیلئے کئی پراجیکٹ شروع کر رکھے ہیں۔ گزشتہ دو ماہ کے دوران پورے جی بی میں 8 بی ٹی ایس (ٹاور) آن ایئر کیے جبکہ مزید 40 جگہوں پر کام ہو رہا ہے۔ فیز فور کے تحت پورے جی بی میں موجود ٹاورز کو فور جی سے منسلک کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جگلوٹ سکردو روڈ مائیکرو ویو پراجیکٹ کے تحت بلتستان ریجن کیلئے متبادل کیبل پر بھی کام ہو رہا ہے جس سے روڈ پر کیبل خراب ہونے یا کٹ جانے کی صورت میں دیوسائی اور استور کے ذریعے مائیکروویو پراجیکٹ کے ذریعے سروس بحال رکھی جائے گی۔ اس پراجیکٹ کو خپلو تک توسیع دی جائے گی اور جگلو ٹ استور دیوسائی تک  فائبر کا منصوبہ ہے، اس کے ساتھ بشام اور شتیال تک فائبر پر کام ہو رہا ہے، سب سے اہم پراجیکٹ  ایف ٹی ایچ (فائبر ٹو ہوم) ہے جس کے ذریعے چار شہروں گلگت، سکردو، چلاس اور ہنزہ ہائی سپیڈ انٹرنیٹ سروس دی جائے گی اور اس منصوبے کو 15 شہروں تک توسیع دی جائے گی۔ فیز فور کے تحت پورے جی بی میں موجود ٹاور کو فورجی پر اپ گریڈ کیا جائے گا۔ فیز فور 3.3 ارب روپے کا منصوبہ ہے جو منظور ہو چکا ہے۔ کنوداس میں آئی ٹی پارک بن رہا ہے جو جولائی کے آخر تک مکمل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دوسری کمپنیوں اور ایس سی او میں فرق ہے، ایس سی او ایک قومی ادارہ ہے جس کی انکم سیدھا حکومت پاکستان کے خزانے میں جمع ہوتی ہے۔ اگر کوئی منصوبہ شروع کرنا ہو تو پی سی ون اور دیگر مراحل طے کرنا پڑتا ہے جس کی وجہ سے دیگر کمپنیوں کی نسبت کام ہونے میں وقت لگتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 871759
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش