1
Wednesday 1 Jul 2020 17:11
شام میں عوامی مزاحمت

شامی گاؤں کے مکینوں نے امریکی افواج کو نکال باہر کر دیا

شامی گاؤں کے مکینوں نے امریکی افواج کو نکال باہر کر دیا
اسلام ٹائمز۔ شام کے شمالی شہر القحطانیہ کے ایک گاؤں سے تعلق رکھنے والے شامی شہریوں نے امریکی فوج کو اپنے گاؤں سے نکال باہر کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق شام کے شمالی صوبے الحسکہ کے شہر القحطانیہ کے ایک نواحی گاؤں الکریمہ میں عوام نے امریکی فورسز کے خلاف بھرپور احتجاج اور پتھراؤ کر کے امریکی افواج کو اپنے گاؤں سے نکل جانے پر مجبور کر دیا۔ روسی خبررساں ایجنسی اسپتنک کے مطابق شامی شہر القحطانیہ جو امریکی حمایت یافتہ کرد ملیشیا سیرین ڈیموکریٹک فورس (قسد/SDF) کے کنٹرول میں ہے، میں موجود امریکی فورسز اپنی دسیوں بکتر بند گاڑیوں کے ہمراہ الکریمہ نامی ایک گاؤں میں داخل ہونا چاہتی تھیں کہ اس گاؤں کے مکینوں نے امریکیوں کے لئے رستہ بند کر کے شدید احتجاج اور پتھراؤ کیا جس کے باعث امریکی فورسز کو الٹے پیروں واپس پلٹنا پڑا۔

شام کے شمالی حصے میں واقع گاؤں الکریمہ کے ایک مکین نے روسی خبررساں ایجنسی کو بتایا کہ منگل کے روز متعدد امریکی فوجی اپنی بکتر بند گاڑیوں کے ہمراہ گاؤں میں داخل ہونے کے بعد ہماری زرعی زمینوں میں گھس آئے تھے جبکہ انہوں نے وہاں موجود ہمارے جانوروں کے خشک چارے کو بھی آگ لگا دی تھی۔ اس دیہاتی نے قابض فورسز کے خلاف جوشیلے انداز میں کہا کہ ان امریکیوں نے کل ہماری گندم اور جو کی تیار فصلوں کو نذر آتش کیا تھا اور آج ہمارے جانوروں کا چارہ بھی جلا ڈالا ہے۔ اس نے کہا کہ اس امریکی حرکت کے بعد گاؤں کے باسی مشتعل ہو گئے اور انہوں نے بھرپور احتجاج کے ساتھ ساتھ امریکی فوجیوں پر شدید پتھراؤ بھی کیا۔ اس دیہاتی کا کہنا تھا کہ احتجاج کرنے والے دیہاتی، قابض امریکیوں کے خلاف اور ملکی فوج و حکومت کے حق میں نعرے لگا رہے تھے اور جب امریکی فوجیوں نے گاؤں والوں کے شدید احتجاج، پتھراؤ اور نعرے بازی کو دیکھا تو وہ دم دبا کر گاؤں سے نکل گئے۔
خبر کا کوڈ : 871925
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش