0
Wednesday 1 Jul 2020 19:03

عمران خان پہلے وزیراعظم ہیں جنہوں نے مودی کیلئے الیکشن مہم چلائی، بلاول بھٹو زرداری

عمران خان پہلے وزیراعظم ہیں جنہوں نے مودی کیلئے الیکشن مہم چلائی، بلاول بھٹو زرداری
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیرعظم عمران خان کی بچگانہ سوچ سے عالمی سطح پر پاکستان کو سبکی کا سامنا ہے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسامہ بن لادن کو شہید کہنے والے عمران خان بتائیں کہ ضرب عضب، سوات آپریشن اور آرمی پبلک اسکول حملے پر آپ کا موقف کیا ہے؟، ہمارے وزیراعظم کی سوچ آمرانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ لوگوں کی جیبوں پر ڈاکہ ہے، حکومت ہر میدان میں مسائل پیدا کررہی ہے، بجٹ میں عوام کیلئے تکلیف ہے، امیروں کیلئے ریلیف ہے، وزیراعظم صاحب بہت بہادر ہیں کیونکہ وہ اسمبلی میں ہماری غیرموجودگی میں تقریر کرتے ہیں، وزیراعظم صاحب ہمت ہے تو میرے سامنے تقریر کریں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ٹی وی پر بھی عمران خان سے بات کرنے کیلئے تیار ہوں، عمران خان صرف پی ٹی آئی کے وزیراعظم بنے ہوئے ہیں، عمران خان صرف ٹویٹر اور فیس بک کے وزیراعظم ہیں، ہمیں پاکستان کیلئے وزیراعظم کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو تاریخی چیلنجز کا سامنا ہے، کورونا کو زبردستی پھیلایا گیا، ٹڈی دل سے نمٹنے کیلئے بھی کوئی حکمت عملی نہیں، بجٹ میں صحت اور تعلیم کو ترجیح نہیں دی گئی۔ بلاول نے کہا کہ عمران خان پہلے وزیراعظم ہیں جنہوں نے مودی کیلئے الیکشن مہم چلائی، عمران خان نے کہا تھا اگر مودی جیت گیا تو ہمارے لیے اچھا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کہ کچھ لوگ کہہ رہے ہیں کورونا کیسز کم ہورہے ہیں، یہ سراسر غلط ہے، پاکستان میں شرح اموات میں اضافہ ہو رہاہے، فرنٹ لائن پر لڑنے والوں کیلئے رسک الاوَنس ہونا چاہیے، وفاقی حکومت نے بجٹ میں تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ نہیں کیا۔
خبر کا کوڈ : 871940
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش