QR CodeQR Code

شہری ہلاکت کی غیر جانبدارانہ انکوائری کے احکامات صادر کئے جائیں، عمران نبی ڈار

1 Jul 2020 22:35

اپنی پارٹی کے ترجمان نے کہا کہ سوپور کی سڑک پر پڑی گولیوں سے چلنی لاش کے ساتھ معصوم بچے کی تصویر دیکھ کر ہر ذی حس شہری کا دل چھلنی ہو رہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس نے سوپور انکاﺅنٹر کے دوران عام شہری کی ہلاکت پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے واقعہ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے اور حقائق کو عوام کے سامنے لاکر قصورواروں کو قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ این سی کے ترجمان عمران نبی ڈار نے اپنے ایک بیان میں شہری ہلاکت کے پیچھے چھپے حقائق منظر عام پر لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عام شہریوں اور بچوں کو نشانہ بنانے کے وحشیانہ اور سفاکانہ واقعات ناقابل قبول اور ناقابل برداشت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوپور کی سڑک پر پڑی گولیوں سے چلنی لاش کے ساتھ معصوم بچے کی تصویر دیکھ کر ہر ذی حس شہری کا دل چھلنی ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات روح کو زخمی اور ضمیر کو مشتعل کرتے ہیں، ایسے واقعات کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں ہوسکتے۔

درایں اثناء جموں و کشمیر اپنی پارٹی نے مصطفیٰ کالونی ایچ ایم ٹی سرینگر کے شہری بشیر احمد خان، جس کی سوپور میں انکاؤنٹر کے نزدیک ہلاکت ہوئی، کی غیر جانبدرانہ انکوائری کا مطالبہ کیا ہے۔ بیان میں پارٹی ترجمان نے کہا ہے حکومت کو ایک غیر جانبدارانہ انکوائری کا حکم صادر کرنا چاہیئے، تاکہ یہ پتہ لگایا جاسکے کہ کن حالات کی وجہ سے شہری کی ہلاکت ہوئی، جو کہ اپنے ذاتی کام کے سلسلہ میں سوپور کی طرف جا رہا تھا۔ پارٹی ترجمان نے کہا کہ صرف معیاد بند اور شفاف انکوائری سے ہی واقعہ کی اصلیت کا پتہ چل سکتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 871978

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/871978/شہری-ہلاکت-کی-غیر-جانبدارانہ-انکوائری-کے-احکامات-صادر-کئے-جائیں-عمران-نبی-ڈار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org