QR CodeQR Code

بھارت پاکستان میں دہشت گردی اور صوبہ بلوچستان میں مسلسل مداخلت کر رہا ہے، شاہ محمود قریشی

1 Jul 2020 21:35

نجی ٹی وی کے مطابق وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت اندرونی انتشار سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لیے دہشت گردی کے واقعات چاہتا ہے، مقبوضہ کشمیر پر عالمی توجہ بڑھنے پر بھارت نے پلوامہ کا ڈراما رچایا۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت داخلی انتشار سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان میں دہشت گردی کرا رہا ہے اور صوبہ بلوچستان میں مسلسل مداخلت کر رہا ہے۔ وزیر خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ انہوں نے امریکی نمائندہ خصوصی کو بھارتی عزائم سے متعلق آگاہ کیا ہے کہ بھارت مسلسل کوشش کرتا چلا آ رہا ہے کہ پاکستان میں عدم استحکام ہو۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت، پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں مسلسل مداخلت کر رہا ہے اور افغانستان میں قیام امن کی کوششوں کو بھی متاثر کر رہا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق انہوں نے کہا کہ اسٹاک ایکسچینج پر حملے میں ملوث دہشت گرد لوگوں کو یرغمال بنانا چاہتے تھے لیکن پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے اس کوشش کو ناکام بنادیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت اندرونی انتشار سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان میں دہشت گردی کرا رہا ہے اور دنیا کی توجہ ہٹانے کے لیے دہشت گردی کے واقعات چاہتا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر پر عالمی توجہ بڑھنے پر بھارت نے پلوامہ کا ڈراما رچایا۔ واضح رہے کہ پیر کو کراچی میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کی بڑی کارروائی کو ناکام بناتے ہوئے پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کی عمارت پر حملے کی کوشش کرنے والے چاروں دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا تھا۔ گزشتہ روز قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے بھی کہا تھا کہ ہمیں اس بات میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملے میں بھارت ملوث ہے۔
 


خبر کا کوڈ: 871980

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/871980/بھارت-پاکستان-میں-دہشت-گردی-اور-صوبہ-بلوچستان-مسلسل-مداخلت-کر-رہا-ہے-شاہ-محمود-قریشی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org