0
Thursday 2 Jul 2020 22:59

کیا پتہ ہمارے حکمرانوں نے بھی اپنا ووٹ بھارت کو دیدیا ہو، سراج الحق

کیا پتہ ہمارے حکمرانوں نے بھی اپنا ووٹ بھارت کو دیدیا ہو، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ساٹھ سالہ شخص کی اس کے تین سالہ نواسے کے سامنے شہادت پر عالمی اداروں اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کیلئے شرم سے ڈوب مرنا چاہئے۔کشمیر میں انسانیت کی تذلیل ہورہی ہے، بھارتی فوج معصوم کشمیریوں کا قتل عام کررہی ہے مگر ہماری حکومت ٹک ٹک دیدم دم نہ کشیدم کے مصداق مجرمانہ خاموشی اختیار کئے بیٹھی ہے۔ کشمیر میں ظلم و جبر کا جو بازار گرم ہے اس پر عالمی اداروں کا آنکھیں بند کرکے بیٹھے رہنا ظالم کا ساتھ دینے کے مترادف ہے۔ کشمیر پاکستان کیلئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، کشمیر کی آزادی کی جدوجہد کو تیز کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کے نومنتخب امیر ڈاکٹر خالد محمود کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے ڈاکٹر خالد محمود کو دوبارہ امیر منتخب ہونے پر استقامت کی دعا اور مبارک باد بھی دی۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پانچ اگست 2019 سے آج تک انڈین آرمی نے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو کچلنے کیلئے ہر حربہ استعمال کر لیا۔ ریاستی حیثیت ختم کرنے کے ساتھ ساتھ ہزاروں نوجوانوں کو اٹھا کر بھارتی جیلوں اور عقوبت خانوں میں بند کردیا اور گزشتہ گیارہ ماہ میں بھارتی فوج نے تین سو سے زیادہ معصوم نوجوانوں کو شہید کیا ہے، عورتوں کو گھروں سے اٹھا کر ان کی عزتوں کو پامال کیا۔ لاکھوں کشمیری آزادی کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرچکے ہیں اور پوری کشمیری قیادت جیلوں میں بند ہے لیکن ہماری حکومت عوام کے جذبات کو ٹھنڈا رکھنے کیلئے تقریروں اور بیانات سے آگے نہیں بڑھ سکی۔ انہوں نے کہا کہ 9 ماہ سے کشمیر کمیٹی کا کوئی اجلاس نہیں ہوا، کشمیر کمیٹی کے چیئرمین تبدیل ہوتے رہتے ہیں مگر پالیسی وہی رہتی ہے کہ باتوں اور الفاظ سے آگے نہیں بڑھنا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت کی خارجہ پالیسی میں کشمیر کا کہیں ذکر نہیں، خارجہ پالیسی کی یہ بدترین ناکامی ہے کہ بھارت 192 میں سے 186 ووٹ لیکر سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن بن گیا۔ کیا پتہ ہمارے حکمرانوں نے بھی اپنا ووٹ بھارت کو دیدیا ہو۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو کشمیر پر بزدلانہ اور معذرت خواہانہ پالیسی ترک کرکے جرات مندانہ پالیسی اپنانا ہوگی، جب تک ہم اپنا مقدمہ پوری جرات سے پیش نہیں کریں گے دنیا ہمارا ساتھ نہیں دے گی۔
خبر کا کوڈ : 872170
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش