QR CodeQR Code

کراچی میں برساتی نالوں کی صفائی مہم کا آغاز، ایک ارب 20 کروڑ روپے کی رقم خرچ ہوگی

2 Jul 2020 23:52

نالہ صفائی مہم کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے وزیر بلدیات سندھ نے کہا کہ حکومت سندھ نے عالمی بینک کے تعاون سے مون سون کی آمد سے قبل تمام برساتی نالوں کو صاف کرنے کا بیڑہ اٹھایا ہے، جس میں انشاء للہ کامیابی حاصل کریں گے۔


اسلام ٹائمز۔ کراچی میں برسای نالوں کی صفائی مہم کا آغاز کردیا گیا۔ وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ کہتے ہیں کہ نالوں کی صفائی کیلئے ایک ارب 20 کروڑ روپے کی رقم خرچ کی جائے گی، کے ایم سی شانہ بشانہ حکومت سندھ کا ساتھ دے گی۔ وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے مون سون کی آمد سے قبل شہر کے برساتی نالوں کی صفائی مہم کا آغاز کردیا گیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ سیکریٹری لوکل گورنمنٹ روشن علی شیخ، میئر کراچی وسیم اختر، ایم ڈی واٹر بورڈ اسد اللہ خان، پراجیکٹ ڈائریکٹر کلک زبیر چنہ سمیت اہم افسران موجود تھے۔ وزیر بلدیات سندھ نے نالہ صفائی مہم کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ نے عالمی بینک کے تعاون سے مون سون کی آمد سے قبل تمام برساتی نالوں کو صاف کرنے کا بیڑہ اٹھایا ہے، جس میں انشاء للہ کامیابی حاصل کریں گے۔ صوبائی وزیر کے مطابق نالوں کی صفائی کیلئے ایک ارب 20 کروڑ روپے کی رقم خرچ کی جائے گی، کے ایم سی، تمام ڈی ایم سیز، واٹر بورڈ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ سمیت تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ رکھا گیا ہے اور اس بات کا خصوصی طور پر خیال رکھا گیا ہے کہ تمام مہم کے دوران شفافیت کو بنیادی اہمیت حاصل رہے۔

ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ تمام ٹھیکیدار جن سے صفائی کا کام لیا جائے گا، ان کو ادائیگی کام کی تکمیل کے بعد، کارکردگی کے مطابق کی جائے گی، اس بات کو یقینی بنایا جارہا ہے کہ کسی بھی صورت نالوں سے نکلنے والا کچرا عوامی مقامات پر نہ پھینکا جائے بلکہ مختص کردہ مقامات پر ہی ڈالا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ 38 بڑے نالوں کے علاوہ ڈی ایم سیز کے زیر اہتمام نالوں کی بھی صفائی کی جائے گی، جن کیلئے وزیراعلیٰ سندھ نے بجٹ مختص کردیا ہے۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ میڈیا سے درخواست ہے کہ ہماری معاونت فرمائیں اور جہاں نشاندھی کی ضرورت ہو ہم کو بتائیں۔ میئر کراچی وسیم اختر نے سندھ حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی بہتری کیلئے عالمی بینک کے تعاون سے ایک بہترین اقدام اٹھایا گیا ہے، کے ایم سی شانہ بشانہ حکومت سندھ کا ساتھ دے گی۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ آج کا دن اس لحاظ سے خصوصی اہمیت کا حامل ہے کہ تمام صوبائی و بلدیاتی قیادت اتفاق رائے کے ساتھ ایک پیج پر آکر اس منصوبے کا آغاز کررہی ہے جو کہ شہر کے باسیوں کیلئے نہایت ہی ضروری تھا کیونکہ پچھلے سال کی بارشوں سے جو تباہ کاری اور نقصان ہوا تھا اس کو ہم کسی بھی قیمت پر دوبارہ برداشت نہیں کرنا چاہتے۔ صوبائی وزیر کے مطابق رین ایمرجنسی کے حوالے سے مرکزی مانیٹرنگ یونٹ کا قیام محکمہ بلدیات سندھ کے دفتر میں کردیا گیا ہے جس سے تمام ضلعی ایمرجنسی مراکز مستقل رابطے میں رہیں گے، این  ڈی ایم اے اور  واٹر بورڈ کی مدد سے ڈی واٹرنگ مشینیں مخصوص مقامات پر پہلے ہی نصب کردی جائیں گی تاکہ ہر صورت نکاسی آب کا عمل یقینی بنایا جاسکے۔


خبر کا کوڈ: 872182

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/872182/کراچی-میں-برساتی-نالوں-کی-صفائی-مہم-کا-ا-غاز-ایک-ارب-20-کروڑ-روپے-رقم-خرچ-ہوگی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org