QR CodeQR Code

ایک سال سے عدالتوں کے چکر لگا رہے ہیں، شاہد خاقان

3 Jul 2020 12:27

عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نیب کو کسی کی سننی نہیں ہے، ملک کو تباہ کرنا ہے۔ سیاست دانوں کو دبانے کے لیے نیب استعمال ہوتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ کچھ شرم کریں، یوں ملک نہیں چلتا، ایک سال سے عدالتوں کے چکر لگا رہے ہیں، نیب کو کسی کی سننی نہیں ہے، ملک کو تباہ کرنا ہے۔ احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان نے کہا کہ 16جولائی 2019ء کو گرفتاری کے وارنٹ جاری ہوئے تھے اور آج ایک مرتبہ پھر نیب کورٹ اسلام آباد میں پیشی تھی، جبکہ میں گزشتہ ایک سال سے ہر سوال کا جواب دے رہا ہوں۔ شاہد خاقان عباسی نے بتایا کہ الزام لگانا بہت آسان ہے، سیاست دانوں کو دبانے کے لیے نیب استعمال ہوتا ہے، اس ادارے نے کسی کی سننی نہیں ہے، ملک کو تباہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راجا پرویز اشرف کیس سے بری ہو گئے، گیارہ بارہ سال بدنامی ہوئی ذمہ دار کون ہے؟، شاہد خاقان نے کہا کہ آپ تفتیش کریں، شواہد لائیں پھر عدالت میں آئیں، یہ پہلے ہی گرفتار کر لیتے ہیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ آج کوئی شخص ملک میں سرمایہ کاری نہیں کر رہا ہے، حکومت ناکام ہو چکی، حکومت نہیں چل رہی، ہر لمحہ ملک پر بھاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں حامی ہوں کہ حکومت 5 سال پورے کرے کیا مگر کیا ملک اس حکومت کا متحمل ہو سکتا ہے؟ شاہد خاقان نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں مائنس ون کی بات ہو رہی ہے بتائیں ان کی پارٹی میں یہ کون چاہتا ہے۔ شاہد خاقان نے کہا کہ ایک سال سے ہم عدالتوں کے چکر لگا رہے ہیں،نیب نے ریمانڈ لیا، جوڈیشل ریمانڈ ہوا، کچھ شرم کریں، یوں ملک نہیں چلتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ہیومن رائٹس کے ایشو پر ضمانت دی ہے۔

دوسری جانب احتساب عدالت میں پیشی کے دوران جج اعظم خان نے نیب کو شاہد خاقان عباسی کے خلاف تفتیش مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے ایل این جی کیس میں 6 اگست تک حتمی ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیا ہے اور ریمارکس دیئے ہیں کہ ضمنی ریفرنس دائر کرنے کے لیے یہ آخری مہلت ہے۔ ایل این جی ریفرنس کی سماعت کے دوران نیب نے ضمنی ریفرنس دائر کرنے کے لیے 4 ہفتے کا وقت مانگ لیا، اس موقع پر شاہد خاقان عباسی، عظمیٰ عادل سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ کچھ نیا ریکارڈ ملا ہے جس کا جائزہ لے رہے ہیں، نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ ضمنی ریفرنس کی تیاری آخری مراحل میں ہے، ریفرنس مکمل کرنے کیلئے تین سے چار ہفتے درکار ہوں گے۔ وکیل شاہد خاقان عباسی نے عدالت کو بتایا کہ دو سال تک نیب مختلف سوالات ہمیں دیتا رہا ہے، ساڑھے 6 ماہ جیل میں رکھنے کے باوجود ریفرنس دائر نہیں کیا جاسکا، ہمارے ساتھ ایسا تماشا نہ لگایا جائے،جب تک نیب ریفرنس دائر نہیں کرتا سماعت ملتوی کی جائے۔


خبر کا کوڈ: 872219

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/872219/ایک-سال-سے-عدالتوں-کے-چکر-لگا-رہے-ہیں-شاہد-خاقان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org