QR CodeQR Code

کورونا اپڈیٹس، ملک میں صحتیاب افراد کی تعداد فعال مریضوں سے زیادہ ہو گئی

3 Jul 2020 21:16

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 22 ہزار 941 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، اس طرح ملک بھر میں اب تک مجموعی طور پر 13 لاکھ 50 ہزار 773 ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر سے 4 ہزار 87 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے بعد مصدقہ مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 21 ہزار 896 ہو گئی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ ملک میں ایک جانب کورونا کے وار جاری ہیں تو دوسری جانب اس کے مریض بھی تیزی سے صحتیاب ہورہے ہیں اور اب ملک میں اس وبا سے صحتیاب افراد کی تعداد فعال مریضوں سے زیادہ ہو گئی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 22 ہزار 941 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، اس طرح ملک بھر میں اب تک مجموعی طور پر 13 لاکھ 50 ہزار 773 ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر سے 4 ہزار 87 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے بعد مصدقہ مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 21 ہزار 896 ہو گئی ہے۔ کورونا کے سب سے زیادہ مصدقہ مریض صوبہ سندھ میں ہیں، جہاں ان کی تعداد 89 ہزار 225 ہے۔ پنجاب میں 78 ہزار 956، خیبر پختونخوا میں27 ہزار 110، بلوچستان 10 ہزار 666، اسلام آباد میں 13 ہزار 195، آزاد کشمیر میں ایک ہزار 160 اور گلگت میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک ہزار 524 ہو گئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے 78 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔ جس کے بعد ملک میں کورونا وائرس کے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 4 ہزار 551 ہو گئی ہے۔ پنجاب میں ایک ہزار 819 اور سندھ میں ایک ہزار 437، خیبر پختونخوا میں 983، بلوچستان میں 122، اسلام آباد میں 129، آزاد کشمیر میں 33 جب کہ گلگت میں 28 افراد کورونا سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔ ملک میں ایک جانب کورونا کے وار جاری ہیں تو دوسری جانب مریضوں کی صحتیابی بھی تیزی سے جاری ہے اور اب ملک میں اس وبا سے صحتیاب افراد کی تعداد فعال مریضوں سے زیادہ ہو گئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر سے 4 ہزار 87 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ 8 ہزار 929 مریضوں نے کورونا کو شکست دی ہے۔ اسی طرح ملک بھر میں مصدقہ مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 21 ہزار 896 ہے، جب کہ اس وبا کو شکست دینے والوں کی تعداد ایک لاکھ 13 ہزار 623 ہو گئی ہے۔


خبر کا کوڈ: 872304

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/872304/کورونا-اپڈیٹس-ملک-میں-صحتیاب-افراد-کی-تعداد-فعال-مریضوں-سے-زیادہ-ہو-گئی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org