QR CodeQR Code

تقسیم شدہ سول سیکرٹریٹ کسی صورت قبول نہیں، مسترد کرتے ہیں، راو عبدالقیوم شاہین

3 Jul 2020 22:48

سول سیکرٹریٹ کے قیام پر اپنے ردعمل میں تحریک صوبہ ملتان کے مرکزی چیئرمین کا کہنا تھا کہ عوام کو تقسیم کرنے اور صوبے کا مقدمہ خراب کرنے کیلئے متنازعہ سیکرٹریٹ قائم کیا گیا، خطے میں بسنے والے تمام افراد کو متحد ہوکر سازش ناکام بنانا ہوگی، جلد لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔


اسلام ٹائمز۔ تحریک صوبہ ملتان کے مرکزی چیئرمین راو عبدالقیوم شاہین نے سول سیکرٹریٹ کے قیام پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے علیحدہ صوبے کو اپنے منشور کا حصہ بنایا تھا اور وعدہ کیا تھا کہ پہلے 100 دنوں میں صوبے کا قیام عمل میں لایا جائے گا مگر خطے کے عوام حیرت میں مبتلا ہیں کہ موجودہ حکومت نے صوبہ کے قیام کا وعدہ وفا کرنے کی بجائے ایسا سیکرٹریٹ قائم کردیا جس پر کسی کا بھی اتفاق نہیں ہے، بہاولپور اور ملتان میں تقسیم سیکرٹریٹ عوام کے لئے مزید پریشانی کا باعث بنے گا، لہذا ہم تقسم شدہ متنازعہ سیکرٹریٹ کسی صورت قبول نہیں کریں گے، ہم اس فیصلے کو مسترد کرتے ہیں۔ تحریک صوبہ ملتان اس حوالے سے واضح موقف رکھتی ہے، جلد سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس بلا کر آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا، خطے کو اس وقت عجیب صورتحال کا سامنا ہے، بہاولپور کے لوگ اپنے کاموں کیلئے ملتان اور ملتان کے لوگ بہاولپور کے چکر لگانے پر مجبور ہوں گے۔ اس سازش کے تحت دونوں اطراف کے لوگ باہم دست وگریبان ہوسکتے ہیں، اس حوالے سے خطے سے تعلق رکھنے والے سیاستدانوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ اس عجیب و غریب فیصلے کے خلاف اپنی آواز بلند کریں جبکہ خطے میں بسنے والے تمام افراد کو متحد ہو کر یہ سازش ناکام بنانا ہوگی۔
 


خبر کا کوڈ: 872323

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/872323/تقسیم-شدہ-سول-سیکرٹریٹ-کسی-صورت-قبول-نہیں-مسترد-کرتے-ہیں-راو-عبدالقیوم-شاہین

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org