QR CodeQR Code

کرم، سیز فائر پر عملدرآمد جاری، ایم این اے محسن داوڑ کو واپس بھیج دیا گیا

4 Jul 2020 00:22

شمالی وزیرستان سے رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ جھڑپوں میں جاں بحق پندرہ افراد کی تعزیت کیلئے آج ضلع کرم آرہے تھے کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے کئی گھنٹے چیک پوسٹ پر روک دیا اور کئی گھنٹے انتظار کے بعد انہیں چھپری چیک پوسٹ سے واپس کر دیا۔


اسلام ٹائمز۔ ضلع کرم میں جائیداد کے تنازعے پر خونریز جھڑپوں کے بعد سیز فائر کے فیصلے پر عمل جاری ہے، جھڑپوں میں جاں بحق پندرہ افراد کی تعزیت کیلئے آنے والے شمالی وزیرستان سے رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ کو کئی گھنٹے انتظار کے بعد چھپری چیک پوسٹ سے واپس بھجوا دیا گیا۔ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے مطابق گذشتہ روز ہونے والے ابراہیم زئی بالش خیل اور پاڑہ چمکنی قبائل کے مابین سیز فائر کے معاہدے پر عمل جاری ہے اور فائر بندی کے اعلان کے بعد کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا ہے، تاہم علاقے کی بجلی تاحال بند ہے، جس کی بحالی کا کام جاری ہے، جھڑپوں کے باعث راستے بند ہونے کے باعث پاراچنار شہر میں پٹرولیم کا بحران بدستور قائم ہے اور اشیائے خورد و نوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں۔

پاڑہ چمکنی بالش خیل اور ابراہیم زئی قبائل کے مابین پانچ روزہ جھڑپوں میں پندرہ افراد جاں بحق چالیس سے زائد زخمی ہوگئے تھے، پاڑہ چمکنی قبائل نے بالش خیل اور ابراہیم زئی کی شاملاتی اراضی پر غیر قانونی طور پر قبضہ کرلیا ہے، جس کے باعث علاقے میں بار بار جھڑپیں ہو رہی ہیں۔ شمالی وزیرستان سے رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ جھڑپوں میں جاں بحق پندرہ افراد کی تعزیت کیلئے آج ضلع کرم آرہے تھے کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے کئی گھنٹے چیک پوسٹ پر روک دیا اور کئی گھنٹے انتظار کے بعد انہیں چھپری چیک پوسٹ سے واپس کر دیا۔


خبر کا کوڈ: 872346

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/872346/کرم-سیز-فائر-پر-عملدرا-مد-جاری-ایم-این-اے-محسن-داوڑ-کو-واپس-بھیج-دیا-گیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org