0
Saturday 4 Jul 2020 09:14

سی پیک کو ہر قیمت پر مکمل کیا جائے گا، عمران خان

سی پیک کو ہر قیمت پر مکمل کیا جائے گا، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان نے عزم ظاہر کیا ہے کہ حکومت ہر قیمت پر پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کا منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچا کر اس کے ثمرات عوام تک پہنچائے گی۔ سی پیک منصوبوں کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ راہداری پاکستان اور چین کی دوستی کا منشور ہے اور حکومت اسے ہر قیمت پر مکمل کرے گی اور اس کے ثمرات ہر پاکستانی تک پہنچائے گی۔ سی پیک منصوبے کو ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یہ بڑا اور کثیر الجہت منصوبہ عوام کے لیے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ سی پیک اتھارٹی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اتھارٹی کی صلاحیت اور کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے تمام تر ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔

اجلاس میں وزیراعظم کو سی پیک کے تحت جاری منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر اسد عمر، خسرو بختیار، عمر ایوب، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ اور متعلقہ وزارتوں کے اعلی حکام نے شرکت کی۔ خیال رہے کہ سی پیک انفرا اسٹرکچر اور دیگر منصوبوں کا ایک مجموعہ ہے جو 2013ء سے پاکستان میں زیرتعمیر ہیں، پہلے اس کا حجم 46 ارب ڈالر تھا لیکن 2017ء کے مطابق سی پیک منصوبوں کی مالیت 62 ارب ڈالر ہو گئی تھی۔ اس بڑے منصوبے میں پاکستان کو درکار انفرااسٹرکچر کی تیزی سے بہتری اور جدید ٹرانسپورٹ نیٹ ورک، توانائی کے متعدد منصوبوں اور خصوصی اقتصادی زونز شامل ہیں۔ نومبر 2016ء میں سی پیک فعال ہوا تھا جب چینی کارگو زمینی راستے سے گوادر پہنچا اور وہاں سے بحری راستے سے افریقہ اور مغربی ایشیا پہنچایا گیا جبکہ کچھ بڑے توانائی منصوبوں کو 2017ء کے آخر میں شامل کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 872351
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش