QR CodeQR Code

سنٹرل جیل پشاور، قیدیوں سمیت 30 افراد کورونا وائرس کا شکار ہوگئے

4 Jul 2020 14:23

سنٹرل جیل کے علاوہ مینٹل ہسپتال پشاور میں بھی حفاظتی اقدامات شروع کئے گئے ہیں تاکہ ذہنی مریض کورونا کا شکار نہ ہوں۔


اسلام ٹائمز۔ سنٹرل جیل پشاور میں عمر قید اور سزائے موت پانے والے قیدیوں سمیت 30 افراد کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔ سنٹرل جیل پشاور میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے جس کے باعث جیل میں ایمرجنسی کی صورتحال نافذ کر دی گئی ہے۔ جیل خانہ جات ذرائع کے مطابق گذشتہ تین مہینوں سے ملاقاتوں پر پابندی کے باوجود جیل میں کورونا کیسوں میں اضافہ سوالیہ نشان بن گیا ہے۔ جیل خانہ جات ذرائع کے مطابق کورونا کے شکار ہونے والے قیدیوں میں عمر قید اور سزائے موت پانے والے پانچ قیدی بھی شامل ہیں، جبکہ دیگر 25 قیدی منشیات سمیت دیگر جرائم میں گرفتار کئے گئے ہیں۔ سنٹرل جیل پشاور سمیت صوبے بھر کی جیلوں میں کورونا وائرس کے باعث ایمرجنسی کی بنیادوں پر اقدامات شروع کئے گئے ہیں۔ سنٹرل جیل کے علاوہ مینٹل ہسپتال پشاور میں بھی حفاظتی اقدامات شروع کئے گئے ہیں تاکہ ذہنی مریض کورونا کا شکار نہ ہوں۔ دوسری جانب ملک میں کورونا سے مزید 77 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 4592 ہوگئی، جبکہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 223779 تک پہنچ گئی۔ اب تک پنجاب میں کورونا سے 1819 اور سندھ میں 1459 افراد انتقال کر چکے ہیں، جبکہ خیبر پختونخوا میں 1002 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ اسلام آباد میں 129، بلوچستان میں 122، آزاد کشمیر میں 33 اور گلگت بلتستان میں 28 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 872455

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/872455/سنٹرل-جیل-پشاور-قیدیوں-سمیت-30-افراد-کورونا-وائرس-کا-شکار-ہوگئے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org