QR CodeQR Code

شدید گرمی میں کے الیکٹرک کی بدترین لوڈشیڈنگ، بجلی کا نظام درہم برہم

4 Jul 2020 14:44

نہ دن میں بجلی فراہم کی جا رہی ہے اور نہ رات کو دی جا رہی ہے، جس کی وجہ سے شہری اذیت کا شکار ہوگئے۔


اسلام ٹائمز۔ کے الیکٹرک نے اس بار کینپ سے صرف 60 میگاواٹ بجلی کے تعطل کو جواز بنا کر شہر میں بدترین لوڈشیڈنگ شروع کر دی، جبکہ شہر میں بجلی کانظام درہم برہم ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی ان دنوں شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے، جس کی وجہ سے بجلی کی طلب میں اضافہ ہو گیا، لیکن کے الیکٹرک شہر میں بلاتعطل بجلی فراہم کرنے میں ایک بار پھر ناکام ثابت ہوا، کچھ دن قبل کے الیکٹرک نے اضافی لوڈشیڈنگ کی وجہ گیس اور فرنس آئل میں کمی کو قرار دیا، تاہم حکومت نے کے الیکٹرک کی تمام فرمائشوں کو پورا کر دیا۔ گیس میں 50 ایم ایم سی ایف ڈی کا اضافہ کر دیا، تاہم اب کے الیکٹرک نے شہر میں بدترین لوڈشیڈنگ کا سبب کینپ سے صرف 50 میگاواٹ بجلی کے تعطل کو قرار دے دیا، شہری رات بھر جاگ کر گزارنے پر مجبور ہوگئے۔ کے الیکٹرک شہریوں کو خون کے آنسو رُلا دیا ہے، نہ دن میں بجلی فراہم کی جا رہی ہے اور نہ رات کو دی جا رہی ہے، جس کی وجہ سے شہری اذیت کا شکار ہوگئے، شہر کے مختلف علاقے جن میں کورنگی، لانڈھی، ملیر، سرجانی ٹاؤن، شو مارکیٹ، لیاقت آباد، گلشن معمار، احسن آباد سمیت دیگر علاقوں میں 12 گھنٹے کیلئے بجلی بند کی جا رہی ہے، مستثنیٰ علاقوں میں 4 گھنٹے بعد ایک گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔

پرائیویٹ کمپنی کے الیکٹرک صرف سستی بجلی پر انحصار کرتی ہے، صرف 60 میگاواٹ کی کمی کا جواز بنا کر پورے شہر میں بجلی کانظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے۔ کے الیکٹرک نیشنل گرڈ اور سبسڈائز بجلی پر انحصار کرتی ہے، کراچی میں بجلی کی طلب میں جب اضافہ ہوا ہے، کے الیکٹرک بلاتعطل بجلی فراہم کرنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے، کراچی میں بدترین لوڈشیڈنگ کی وجہ سے شہر میں پانی کا بحران بھی پیدا ہونا شروع ہوگیا، پمپنگ اسٹیشنوں پر بجلی بند ہونے سے پانی کی فراہمی بھی متاثر ہو رہی ہے۔ کراچی میں بدترین لوڈشیڈنگ پر وفاق، سندھ حکومت کی جانب سے کوئی باز برس نہیں کی جا رہی ہے۔ کے الیکٹرک انتہائی بااثر پرائیویٹ ادارہ ہے، جو کسی کو خاطر میں نہیں لاتا یہ ہی وجہ سے ہے، کراچی کے شہری اوور بلنگ، بدترین لوڈشیڈنگ سہنے پر مجبور ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک نے جب سے امور سنبھالے ہیں، بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا، اوور بلنگ اور بدترین لوڈشیڈنگ کراچی کے شہریوں کا مقدر بن چکا ہے، اس میں بہتری اب ناممکن ہی نظر آتی ہے۔ شہریوں نے چیف جسٹس سے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی میں بدترین لوڈشیڈنگ اور اوور بلنگ کا نوٹس لے۔


خبر کا کوڈ: 872456

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/872456/شدید-گرمی-میں-کے-الیکٹرک-کی-بدترین-لوڈشیڈنگ-بجلی-کا-نظام-درہم-برہم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org