QR CodeQR Code

وفاقی کابینہ نے نئے چیئرمین ایف بی آر جاوید غنی کی تعیناتی کی باقاعدہ منظوری دے دی

4 Jul 2020 19:34

6 اپریل کو وفاقی حکومت نے ان لینڈ ریونیو سروس کی گریڈ 22 کی افسر نوشین جاوید امجد کو سابق چیئرمین شبر زیدی کی جگہ چیئرپرسن ایف بی آر تعینات کر دیا تھا۔ وفاقی حکومت نے شبر زیدی کی اعزازی طور پر چئیرمین تقرری فوری طور پر ختم کردی تھی۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی حکومت نے چیئرپرسن ایف بی آر نوشین جاوید کو عہدے سے ہٹادیا اور ان کی جگہ جاوید غنی کو نیا چیئرمین تعینات کردیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی کابینہ نے نئے چیئرمین ایف بی آر جاوید غنی کی تعیناتی کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔ نئے چیئرمین ایف بی آر جاوید غنی کی تعیناتی سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ وفاقی کابینہ نے سابق چیئرپرسن ایف بی آر نوشین جاوید کو ہٹانے کی بھی منظوری دے دی۔ نوشین جاوید کو وفاقی سیکریٹری برائے ثقافت تعینات کردیا گیا۔ خیال رہے کہ 6 اپریل کو وفاقی حکومت نے ان لینڈ ریونیو سروس کی گریڈ 22 کی افسر نوشین جاوید امجد کو سابق چیئرمین شبر زیدی کی جگہ چیئرپرسن ایف بی آر تعینات کر دیا تھا۔

وفاقی حکومت نے شبر زیدی کی اعزازی طور پر چئیرمین تقرری فوری طور پر ختم کردی تھی۔ شبر زیدی پہلے سے ہی غیر معینہ مدت کیلئے رخصت تھے۔ شبر زیدی کی رخصت کے باعث نوشین جاوید امجد قائمقام چیئر پرسن کام کررہی تھیں اور بعد میں انہیں ریگولر طور پر چیئرمین ایف بی آر لگا دیا گیا تھا۔ نوشین جاوید کو ممبر ایڈمن ایف بی آر سے تبدیل کرکے چئیرمین ایف بی آر لگا دیا گیا تھا۔ خیال رہے کہ پانچ ماہ قبل شبر زیدی نے بطور چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کام جاری رکھنے سے معذرت کر لی تھی۔ وزیراعظم عمران خان نے بھی ایک اجلاس میں تذکرہ کیا تھا کہ شبر زیدی شدید بیمار ہیں، بطور چیئرمین ایف بی آر کے لیے نیا بندہ لائیں گے۔ عمران خان نے کہا تھا کہ شبر زیدی میری درخواست پر صرف چھ ماہ کے لیے آئے تھے۔


خبر کا کوڈ: 872508

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/872508/وفاقی-کابینہ-نے-نئے-چیئرمین-ایف-بی-آر-جاوید-غنی-کی-تعیناتی-باقاعدہ-منظوری-دے-دی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org