0
Saturday 4 Jul 2020 22:56

امریکہ اور صیہونی فسلطین کا مسئلہ ہمیشہ کیلئے ختم کرنے کے درپے ہیں، لیاقت بلوچ

امریکہ اور صیہونی فسلطین کا مسئلہ ہمیشہ کیلئے ختم کرنے کے درپے ہیں، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ دنیا میں کوئی ناگزیر نہیں، انسانی زندگی عارضی ہے اور ایک دن اس دنیا نے فنا کے گھاٹ اتر جانا ہے۔ سیاسی اقتدار کا نظام تو بہت ہی کمزور اور عارضی ہے، ہر دور کے حکمران پر یہ خبط سوار ہوتا ہے کہ وہ ناگزیر ہے، یہ راگ الاپنے والے چاپلوس بھی اسے مل جاتے ہیں لیکن بندہ کرسی سمیت چلا جاتا ہے اور نظام چلتا رہتا ہے۔ چاپلوس نئے ناگزیر بندے کے گرد کھڑے نظر آتے ہیں۔ ملک کی اصل ضرورت آئین، عدل، سیاسی، جمہوری پارلیمانی نظام کا مضبوط ہونا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں علماء، نوجوانوں اور کشمیریوں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ سپریم کورٹ نے علامہ مرزا افتخار الدین کی معافی مسترد کردی ہے اور توہین عدالت کا مقدمہ عمل میں لانے کا حکم دیا ہے، بعض خطیب، علماء و ذاکرین، واعظین غیر ذمہ دارانہ، فسادی تقاریر سے معاشرہ میں شر پھیلاتے ہیں اور فرقہ واریت کو بڑھانے کے آلہ کار بنتے ہیں۔ غیر ذمہ دار مقرر حضرات کے خلاف عدلیہ کاروائی کا نظام بنا دے، اب تک بنائے گئے تمام ضابطہ اخلاق کو عمل میں لایا جائے اور قانونی تحفظ دیا جائے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فاشزم اور سازشیں انتہاء پر ہیں، پاکستان کی متفقہ قومی کشمیر پالیسی اور لائحہ عمل نہ ہونے کی وجہ سے جموں و کشمیر کی قیادت اور عوام کو مایوس کرایا جارہا ہے۔ سید علی گیلانی کا آل پارٹیز حریت کانفرنس کی سربراہی سے الگ ہونا بڑا واقعہ ہے، سید گیلانی تحریک حریت کشمیر کے بلند قامت، جرات و استقامت کے کوہ ہمالیہ ہیں، ان کا کردار ہمارے سروں کا تاج اور فخر ہے۔ آر پار کی کشمیری قیادت اختلافات میں پڑنے کی بجائے غلطیوں کا ازالہ کرے اور حالات کو سنبھالے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ امریکہ اور صیہونی فسلطین کا مسئلہ ہمیشہ کیلئے ختم کرنے کے درپے ہیں۔ یہ المیہ ہے کہ حماس اور الفتح کے درمیان دوریاں ہیں، عالم اسلام کا فلسطین کی آزادی کیلئے متحد ہونا بھی ناگزیر ہے لیکن حماس اور الفتح کا ایک پیج پر رہنا اولین ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کے دل فلسطینیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 872538
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش