QR CodeQR Code

70سال گزرنے کے باوجود بھی سرائیکی خطہ کو اس کی شناخت نہیں دی گئی، رانا الطاف حسین 

4 Jul 2020 22:59

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبہ بنائو گرینڈ الائنس کے رہنمائوں نے کہا کہ سول سیکریٹریٹ کا لولی پاپ دے دیا گیا ہے جس کو کسی صورت قبول نہیں کرتے، عیدالاضحی کے بعد الگ صوبہ جنوبی پنجاب کے قیام کے سلسلے میں صوبہ بناو تحریک کا آغاز کریں گے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود حسین قریشی کو سرائیکی خطہ کے ساتھ بے وفائی پر کرونا نہیں بلکہ سیاسی کرونا ہو گیا ہے، جو وزارت عظمیٰ کے خواب دیکھ رہے ہیں اور خطہ کی کروڑوں مظلوم و محکوم عوام کے ساتھ بے وفائی کرنے پر صرف مخدوم شاہ محمود قریشی ہی نہیں بلکہ ملتان سمیت جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کے وزراء، مشیروں، اراکین اسمبلی بھی اس جرم میں برابر کے شریک ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پنجاب ٹیچرزیو نین کے زیراہتمام منعقدہ صوبہ بنائو گرینڈ الائنس اجلاس سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس کی صدارت پی ٹی یو پنجاب کے سینئر نائب صدر رانا الطاف حسین نے کی، جبکہ صوبہ بنائو گرینڈ الائنس میں ایم ڈی ایف، لیبر یونینز، سول سوسائٹی، وکلائ، ڈاکٹرز، یوتھ، خواتین، طلبہ، مزدور ودیگر نمائندگان نے بھرپور ساتھ دینے کا اعلان کیا۔

صوبہ بناو گرینڈ الائنس اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رانا الطاف حسین، رانا نئیر قبال، عبد الستار گاڈی، آغا ممتاز، مہر اسحاق ہانسلہ، عزیر احمد ظفر، مظہر حیات، شیخ محمود الحسن، سید قطب شاہ، ملک محمد اجمل خان نے کہا کہ وسیب سے بیوفائی کرنے والے ماضی کی طرح تخت لاہور کا ساتھ دے رہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ آج 70سال گزرنے کے باوجود بھی سرائیکی خطہ کو اس کی شناخت نہیں دی گئی اور اب سول سیکریٹریٹ کا لولی پاپ دے دیا گیا ہے، جس کو کسی صورت قبول نہیں کرتے، عیدالاضحیٰ کے بعد الگ صوبہ جنوبی پنجاب کے قیام کے سلسلے میں صوبہ بناو تحریک کا آغاز کریں گے، اور اس کی ابتدا وزیرخارجہ کی رہائش گاہ کے باہر دھرنا دے کر کیا جائے گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ الگ صوبہ کی تحریک کے سلسلے میں ملتان، ڈی جی خان ڈویژنوں کے تمام شہروں میں نہ صرف مظاہرے کئے جائیں گے بلکہ بھوک ہڑتالی کیمپ بھی لگائے جائیں گے، جس میں تمام مکتب فکر، شعبہ ہائے سمیت سول سوسائٹی کے لوگ بھرپور شرکت کریں گے اور 70سالوں سے سرائیکی خطہ پر سیاست کرنے والے سیاستدانوں کا گھیراو بھی کریں گے۔ 


خبر کا کوڈ: 872540

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/872540/70سال-گزرنے-کے-باوجود-بھی-سرائیکی-خطہ-کو-اس-کی-شناخت-نہیں-دی-گئی-رانا-الطاف-حسین

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org