QR CodeQR Code

جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ، تین دن ملتان اور تین دن بہاولپور بیٹھوں گا، ایڈیشنل چیف سیکرٹری

5 Jul 2020 19:04

ملتان میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے زاہد اختر زمان کا کہنا تھا کہ پی اینڈ ڈی اور محکمہ فنانس کے سیکرٹری بھی جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں بیٹھیں گے، جنوبی پنجاب کے ترقیاتی منصوبے مقامی پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ تشکیل دے گا اور مقامی فنانس ڈیپارٹمنٹ فندز دے گا، لاہور فائل بھیجنے کی ضرورت نہیں ہوگی سب کام جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں ہونگے۔ 


اسلام ٹائمز۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری سائوتھ پنجاب زاہد اختر زمان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت جنوبی پنجاب کو تمام تر صوبائی اختیارات منتقل کرنے کے منصوبے پر عمل پیرا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات پر مکمل اختیارات کے ساتھ جنوبی پنجاب سیکرٹیریٹ قائم کیا جارہا ہے، وہ سرکٹ ہاس میں ڈویژنل اور ضلعی محکموں کے سربراہوں کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے، کمشنر ملتان شان الحق اور ڈپٹی کمشنر عامر خٹک بھی ان کے ہمراہ تھے، انہوں نے کہا کہ فوری طور پر چونکہ سیکریٹریٹ افسران کے دفاتر دستیاب نہیں ہیں اس لئے محکمہ جات اپنے دفتروں میں سیکرٹری، ایڈیشنل سیکرٹری اور دو ڈپٹی سیکرٹری صاحبان کو بٹھانے کے انتظامات کریں، اگر کسی محکمہ کے پاس گنجائش نہ ہو تو وہ کرائے پر عمارات حاصل کریں تاکہ جلد از جلد جنوبی پنجاب سیکرٹیریٹ کو فعال بنایا جاسکے۔ زاہد اختر زمان نے کہا کہ وہ خود تین دن ملتان اور تین دن بہاولپور میں بیٹھیں گے، انہوں نے کہا پی اینڈ ڈی اور محکمہ فنانس کے سیکرٹری بھی جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں بیٹھیں گے، جنوبی پنجاب کے ترقیاتی منصوبے مقامی پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ تشکیل دے گا، مقامی فنانس ڈیپارٹمنٹ فندز دے گا لاہور فائل بھیجنے کی ضرورت نہیں ہوگی، سب کام جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں ہونگے، انہوں نے بتایا کہ سکول اور ہائر ایجوکیشن دونوں کا ایک سیکرٹری ہوگا، پرائمری ہیلتھ اور سپشلائزڈ ہیلتھ بھی ایک ہی سیکرٹری کی سربراہی میں کام کریں گے، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے بتایاکہ تمام محکمے اگلے دو دن میں اپنی ورکنگ مکمل کر کے رپورٹ کریں گے۔ اس موقع پر کمشنر شان الحق نے انتظامی معاملات پر بریفننگ دی۔ 
 


خبر کا کوڈ: 872645

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/872645/جنوبی-پنجاب-سیکرٹریٹ-تین-دن-ملتان-اور-بہاولپور-بیٹھوں-گا-ایڈیشنل-چیف-سیکرٹری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org