QR CodeQR Code

کراچی میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ، فاروق ستار کا کے الیکٹرک کے دفتر کے باہر دھرنا دینے کا اعلان

5 Jul 2020 20:20

کراچی پریس کلب پر لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم تنظیم بچاؤ کمیٹی کے سربراہ نے کہا کہ کراچی میں جس گھر کا بل تین ہزار روپے مہینہ آتا تھا وہاں 15 ہزار روپے کا بل بھیجا جارہا ہے، لوگوں کی آمدنی میں تو اضافہ نہیں ہوا مگر بجلی کے بلوں میں اضافہ کردیا گیا۔


اسلام ٹائمز۔ ایم کیو ایم تنظیم بچاؤ کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور اضافی بلنگ کا سلسلہ بند نہ ہونے پر کے الیکٹرک کے دفتر کے باہر دھرنا دینے کا اعلان کردیا۔ کراچی پریس کلب پر لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ کراچی میں جس گھر کا بل تین ہزار روپے مہینہ آتا تھا وہاں 15 ہزار روپے کا بل بھیجا جارہا ہے، لوگوں کی آمدنی میں تو اضافہ نہیں ہوا مگر بجلی کے بلوں میں اضافہ کردیا گیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ حکومت نے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں دو روپے سے زائد کا اضافہ کردیا، حکومت اوراقتصادی رابطہ کمیٹی نے کے الیکٹرک کو خدا مان لیا ہے، حکومت کے الیکٹرک کے جرائم میں برابر کی شریک ہے۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے اعلان کیا کہ اگر غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور اضافی بلنگ کا سلسلہ بند نہ کیا گیا تو آئندہ احتجاج کے الیکٹرک کے مرکزی دفتر کے باہر کریں گے۔ صوبائی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت اے ڈی بی کے قرض سے نالے صاف کررہی ہے، کراچی میں جمع ہونے والا ٹیکس کہاں ہے؟ نالوں کی صفائی کے لئے قرضہ کیوں لیا جارہا ہے، ہمیں سہولت نہیں دی گئی تو کراچی بھی ٹیکس نہیں دے گا۔ ڈاکٹر فاروق ستار کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم کہتے ہیں میرے علاوہ کوئی آپشن نہیں ہے، ہم سڑکوں پر نکلے ہیں اب ہم بتا دیں گے کہ آپشن کون ہے۔


خبر کا کوڈ: 872656

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/872656/کراچی-میں-غیراعلانیہ-لوڈشیڈنگ-فاروق-ستار-کا-کے-الیکٹرک-دفتر-باہر-دھرنا-دینے-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org