0
Sunday 5 Jul 2020 20:24

علامہ جواد نقوی نے فتنہ گروں کے پروگرام کیخلاف ہونیوالا اجتماع ملتوی کر دیا

علامہ جواد نقوی نے فتنہ گروں کے پروگرام کیخلاف ہونیوالا اجتماع ملتوی کر دیا
اسلام ٹائمز۔ تحریک بیداری اُمت مصطفیٰ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ 6 جولائی کو لاہور میں فتنہ گر گروہ نے ایک پروگرام رکھا ہوا تھا, جس کے مقابلے میں شدید عوامی ردعمل آیا۔ انہوں نے کہا کہ فتنہ گروں کی جانب سے گستاخانہ حرکات میں اضافہ ہوا تو اس سے جوانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسی کے ردعمل میں نوجوانوں نے احتجاج کا اعلان کیا ہوا تھا، لیکن انتظامی اداروں اور اعلیٰ پولیس افسران نے یقین دہانی کروائی ہے کہ یہ فتنہ گروں کا پروگرام نہیں ہوگا، یہ 6 جولائی کو ہوگا اور نہ ہی کبھی آئندہ انہیں اجازت دیں گے۔ علامہ جواد نقوی نے کہا کہ نوجوانوں کا احتجاجی پروگرام چونکہ اس گروہ کے اجتماع کیخلاف تھا، اس لئے فتنہ گروں کو پروگرام کے انعقاد کی اجازت نہ ملنے پر ہمارے جوانوں کا احتجاجی جلسہ نہیں ہوگا۔ علامہ جواد نقوی نے کہا کہ دہشتگردی اور فتنہ گری کا نتیجہ قوم دیکھ چکی ہے، مگر اب یہ گروہ دوبارہ میدان میں آیا ہے، کبھی یہ شان سیدہ میں گستاخی کرتا ہے اور کبھی صحابہ کے شان میں گستاخی کرکے اشتعال دلایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ متعصبانہ رویہ ایجاد کرنے کی سازشیں ہو رہی ہیں۔ علامہ جواد نقوی نے کہا کہ اداروں نے اس گروہ کے راستے مسدود کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے، اگر یہ پروگرام رُک جاتا ہے تو ہمارے کارکنوں کی جانب سے احتجاج نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے انتظامیہ نے جس طرح کی یقین دہانی کروائی ہے، اس کے پیش نظر ایسا نہیں ہوگا، اس وقت دشمنان پاکستان توڑنے کی باتیں کر رہے ہیں، ایسے میں ملک کے اندر اتحاد اُمت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مومنین سے درخواست ہے کہ اتحاد کو ہر قیمت پر بچانا ہے، فتنہ گروں اور فسادیوں کی حوصلہ شکنی کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ قانون اگر ان کو روک لیتا ہے تو قوم کو قانون کا احترام کرنا چاہیئے۔ علامہ جواد نقوی نے کہا کہ فتنہ گروں کیخلاف قانونی چارہ جوئی ہوگی، سوشل میڈیا پر فتنہ گروں نے جو گستاخی کی ہے، اس کی بھی انہیں سزا ملے گی۔
خبر کا کوڈ : 872657
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش