QR CodeQR Code

امریکی ایجنسیاں افغانستان سے منشیات سمگل کرنے میں مصروف ہیں، روس

5 Jul 2020 20:39

افغانستان کیلئے روس کے خصوصی صدارتی مندوب زامیر کابولوو نے روسی خبررساں ایجنسی ٹاس کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی فوجی جہاز قندھار اور بگرام سے پرواز کرتے ہیں اور جرمنی و رومانیہ سمیت دنیا کے کسی بھی مقام پر بغیر کسی پوچھ پڑتال اور چیکنگ کے اتر جاتے ہیں جبکہ کابل کے تمام لوگ آپ کو یہی کہیں گے اور وہ تمام کے تمام اس موضوع پر بات کرنے کو تیار ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ افغانستان کے لئے روس کے خصوصی صدارتی مندوب زامیر کابولوو (Zamir Kabulov) نے روسی خبررساں ایجنسی ٹاس (TASS) کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں مورد الزام ٹھہرانے والی امریکی ایجنسیاں خود منشیات کی سمگلنگ میں ملوث ہیں۔ زامیر کابولوو نے کہا کہ امریکی فوجی جہاز قندھار اور بگرام سے پرواز کرتے ہیں اور جرمنی و رومانیہ سمیت دنیا کے کسی بھی مقام پر بغیر کسی پوچھ پڑتال اور چیکنگ کے اتر جاتے ہیں۔ افغانستان کے لئے روس کے خصوصی صدارتی مندوب نے کہا کہ کابل کے تمام لوگ آپ کو یہی کہیں گے اور وہ تمام کے تمام اس موضوع پر بات کرنے کو تیار ہیں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل امریکہ کی جانب سے یہ دعوی کیا گیا تھا کہ روس افغانستان میں موجود امریکی فوجیوں کو قتل کرنے کے لئے طالبان کو رقوم اور ہدایات فراہم کرتا ہے جبکہ طالبان و روس کی جانب سے اس امریکی دعوے کو مسترد کر دیا گیا تھا۔ دوسری طرف امریکی قومی انٹیلیجنس کونسل (NIC) نے اپنی ڈھائی صفحے کی ایک رپورٹ میں لکھا ہے کہ امریکی سنٹرل انٹیلیجنس ایجنسی (CIA) اور نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سنٹر (NCTC) کی جانب سے اس رپورٹ کو "درمیانی اعتبار کی حامل" قرار دیا گیا ہے جبکہ امریکی قومی سلامتی کمیشن اور دوسری امریکی جاسوس تنظیموں کی جانب سے روس کے خلاف کیا گیا یہ انٹیلیجنس دعوی "کمزور اعتبار کا حامل" قرار دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ 2 روز قبل ہی امریکی وزارت دفاع "پینٹاگون" کی جانب سے بھی اس رپورٹ کو مسترد کر دیا گیا تھا۔


خبر کا کوڈ: 872659

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/872659/امریکی-ایجنسیاں-افغانستان-سے-منشیات-سمگل-کرنے-میں-مصروف-ہیں-روس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org