0
Monday 6 Jul 2020 19:55

لاہور، امامیہ سکاوٹس کی مفتی جعفر حسینؒ کے مزار پر سلامی

مفتی جعفر حسینؒ کی قوم کیلئے گرانقدر خدمات ناقابل فراموش ہیں، آئی ایس او
لاہور، امامیہ سکاوٹس کی مفتی جعفر حسینؒ کے مزار پر سلامی
اسلام ٹائمز۔ امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان لاہور ڈویژن کے زیراہتمام امامیہ اسکائوٹس کے دستے نے کربلاء گامے شاہ لاہور میں مرقد مفتی جعفر حسینؒ پر سلامی پیش کی اور فاتحہ خوانی کی۔ یومِ حقوق تشیع 6 جولائی کی مناسبت سے ڈویژنل صدر لاہور حسنین عارف نے قائد ملت جعفریہ مفتی جعفر حسینؒ کے مرقد پہ خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مفتی جعفر حسینؒ کی قوم کیلئے گرانقدر خدمات ناقابل فراموش ہیں، مفتی جعفر حسینؒ نے ایک ظالم و جابر آمر کے سامنے نہ جھک کر ہمیں ظالموں کے سامنے ڈٹ جانے کا جو درس دیا، وہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایس او نے ہمیشہ محسنین ملت کے افکار و کردار کو زندہ رکھا ہے اور انکی یاد آوری کیلئے انکے ایام کو عقیدت و احترام سے مناتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مفتی جعفر حسینؒ قبلہ نے اپنے منصب کے احساس کے تحت ملک بھر میں دورہ جات کرکے ملت کو سازش سے آگاہ کیا اور بتایا کہ ہمارے کچھ جداگانہ حقوق بھی ہیں، آپ کی شب و روز کی محنت رنگ لائی اور اس طرح ایک طرف سے ملت کے اندر اجتماعی شعور اور بیداری کی لہر پیدا ہوئی۔ حسنین عارف نے کہا کہ مرحوم مفتی جعفر حسینؒ نے اپنی دُوراندیشی اور تیزبین نگاہوں سے پاکستان کی تاریخ سے منوایا کہ مملکت خداداد پاکستان اسلامی نظریے پر قائم ہوئی ہے، شیعہ قوم اس ملک کا اہم حصہ ہے، جس نے پاکستان بنانے میں اہم کردار ادا کیا اور اس وقت اپنے ملک کے بچانے میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ لہذا اسلامی نگاہ سے انہیں اپنے عقیدہ کے مطابق آزادی کا حق حاصل ہوگا، بظاہر نحیف اور کمزور نظر آنیوالے مفتی جعفر حسین چٹان سے بھی مضبوط ارادے کے مالک تھے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں طاقتور ترین قائد مفتی جعفر حسینؒ ہی تھے، جنہوں نے اسلام آباد میں ضیاءالحق جیسے آمر کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا تھا۔ انہوں نے اپنی محنت، ولولے اور مصمم ارادے سے پوری ملت تشیع پاکستان کو ایک لڑی میں پرو دیا تھا، مفتی جعفر حسین نے ملت تشیع میں جو تحرک و بیداری کی روح پھونکی، ملت تشیع آج بھی بیداری کے اس سفر کو جاری رکھے ہوئے ہے۔ ڈویژنل صدر لاہور نے مفتی جعفر کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مفتی جعفر حسین کی تحریک کی بدولت قائد شہید علامہ عارف الحسینی جیسی بابصیرت شخصیت ملت کو نصیب ہوئی، مفتی جعفر حسین کی عملی خدمات کی یہ ملت مقروض ہے۔ لہذا انکے افکار، کردار، سیرت اور شخصیت کو زندہ رکھنا ہم پر واجب ہے اور ملت کی اجتماعی زندگی کیلئے ضروری ہے۔
خبر کا کوڈ : 872775
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش