QR CodeQR Code

پشاور، سول ایوی ایشن اہلکار نے ایمانداری کی مثال قائم کردی

6 Jul 2020 13:43

سول ایوی ایشن کے سپروائزر حمید راشد راونڈ پر تھے کہ انہیں کسٹم کاونٹر کے پاس سے ایک تھیلا ملا جسے انہوں نے ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کے اہلکاروں کی موجودگی میں کھولا۔ تھیلے میں سے سونے کے قیمتی زیورات برآمد ہوئے۔


اسلام ٹائمز۔ پشاور ایئر پورٹ پر سول ایوی ایشن اتھارٹی کے اہلکار نے مسافر کا قیمتی سامان لوٹا کر فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کردی۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر شارجہ سے آنے والا مسافر اپنا قیمتی سامان بھولا تو سی اے اے کے اہلکار نے مسافر کو ڈھونڈ کر اسے سامان واپس کیا۔ ذرائع کے مطابق شارجہ سے پشاور آنے والی قومی ایئر لائن کی پرواز پی کے 9284 سے پاکستان پہنچنے والا مسافر اپنا قیمتی سامان لاونچ میں بھی بھول گیا تھا۔

سول ایوی ایشن کے سپروائزر حمید راشد راونڈ پر تھے کہ انہیں کسٹم کاونٹر کے پاس سے ایک تھیلا ملا جسے انہوں نے ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کے اہلکاروں کی موجودگی میں کھولا۔ تھیلے میں سے سونے کے قیمتی زیورات برآمد ہوئے، جس میں 1 عدد سونے کی انگوٹھی، سونے کے ٹاپس اور ایک بھاری لاکٹ نکلا، جسے انہوں نے ڈیوٹی افسر کے حوالے کردیا گیا۔ ڈیوٹی آفسر نے سی سی ٹی وی فوٹیجزز کی مدد سے مسافر کو ڈھونڈ نکالا اور مسافر سے رابطہ کر کے شناخت اور ضروری کاروائی کے بعد سونے کے قیمتی زیورات مالک کے حوالے کردئیے۔ شارجہ سے پشاور پہنچنے والے مسافر بن یامین نے قیمتی زیورات کی واپسی پر سول ایوی ایشن اتھارٹی حکام کی ایمانداری کی تعریف کی۔


خبر کا کوڈ: 872799

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/872799/پشاور-سول-ایوی-ایشن-اہلکار-نے-ایمانداری-کی-مثال-قائم-کردی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org