0
Monday 6 Jul 2020 21:03
عوام ہمیں دوبارہ منتخب کریں گے

بھٹو نے کرسی بچانے کیلئے ملک توڑا، علی امین گنڈہ پور

کرپشن کی رپورٹس تاریخ میں پہلی مرتبہ منظر عام پہ لائی جا رہی ہیں
بھٹو نے کرسی بچانے کیلئے ملک توڑا، علی امین گنڈہ پور
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان سردار علی امین خان گنڈہ پور نے کہا ہے کہ کرپشن کے خاتمے، روز گار کی فراہمی اور ملک کے استحکام کیلئے عمران خان مافیا کیخلاف جنگ کر رہا ہے، ماضی میں کشمیر کے مسئلہ کو سابق حکمرانوں نے پس پشت ڈالا، کشمیر کمیٹی کے چیئرمین نے صرف عیاشیاں کیں، مال بنائے لیکن عمران خان نے کشمیر کے مسئلہ کو ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ دنیا بھر میں عملی طور پر اجاگر کیا، انشاء اللہ جلد کشمیر آزاد ہو گا، بھٹو نے کرسی کیلئے ملک کو توڑا لیکن افسوس کی بات بعض لوگ بھٹو کے نام پر سیاست کر رہے ہیں، ڈیرہ شہر میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے رش کے کنٹرول کیلئے انڈر پاسسز اور اوور ہیڈ بریجز تعمیر کرنے کے منصوبے زیر غور ہیں۔ باب ڈیرہ کی خوبصورتی کیلئے مزید کام کیا جارہا ہے، رات کے اوقات میں اس پر روشنی کا انتظام بھی ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرکٹ ہائوس ڈیرہ اسماعیل خان میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے رہنما خان امجد خان، نواز خان اور لطیف خان نیازی بھی موجود تھے۔

سردار علی امین خان گنڈہ پور نے کہا کہ آصف علی زرداری اگر زندہ ہیں تو سامنے کیوں نہیں آتے۔ بلاول کو فرزند زرداری کہا جائے تو خفا ہوتا، جبکہ مجھے فرزند میجر امین اللہ کہلوانے پر فخر ہے، ملک ترقی کی طرف گامزن ہے 70 سالوں کا گند 2 سالوں میں صاف نہیں کر سکتے۔ ملکی اداروں میں کرپشن کی رپورٹس تاریخ میں پہلی مرتبہ منظر عام پہ لائی جا رہی ہیں۔ بجلی کے مسائل کے حل کیلئے ڈیرہ اسماعیل خان کیلئے بجلی کے الگ سرکل کی منظوری ہو چکی ہے، اس کیلئے سٹاف بھرتی کیا جائے گا۔ ڈیرہ اسماعیل خان کا ائیر پورٹ ڈومسیٹک فلائٹس کیلئے شروع ہو چکا ہوتا لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے فی الحال التواء کا شکار ہے، انشاء اللہ جلد ڈومیسٹک فلائیٹس شروع ہو جائیں گی، جس کے بعد انٹرنیشنل فلائٹس کیلئے بھی کام کا آغاز ہو گا۔ وفاقی وزیر نے اپنے سیاسی رقیب مولانا مولانا فضل الرحمن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں مولانا نواز شریف کو ڈیرہ میں جلسہ کیلئے لائے، جہاں پر نواز شریف نے عوام کو بیوقوف بنانے کیلئے منصوبوں کی منظوری کا اعلان کیا، جن میں سے ایک بھی منصوبہ عملی طور پر نہیں بن سکا، منصوبے فنڈز سے بنتے ہیں جس طرح ہم مقامی منصوبوں کیلئے فنڈز لائے ہیں۔

سوئی گیس کے مسئلہ کے حل کیلئے ہم کوٹہ بڑھانے کیلئے تگ و دو کر رہے ہیں، سیاسی نمبر گیم کیلئے پائپ ہم بھی بچھا سکتے ہیں، تاہم ہم چاہتے ہیں کہ  مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل ہو۔ انہوں نے کہا کہ ڈیرہ واپڈا گرڈ ٹو پر کام شروع ہے، اس مالی سال میں یہ گرڈ سٹیشن کام شروع کر دیگا۔ پہاڑ پور گرڈ کیلئے اراضی خرید لی گئی ہے اس پر بھی جلد کام شروع ہو جائیگا، یارک کے مقام پر سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے صرف زمین خرید کر چار دیواری بنائی لیکن ہم نے وہاں پر عملی کام مکمل کیا۔ حالیہ بجٹ میں وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ محمود خان نے ہمارے مطالبے پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میں چلڈرن وارڈ کے قیام کی منظوری دیدی ہے۔ ہم نے عوام سے جو وعدے کئے وہ ہر حال میں پورے کرینگے۔ اگر ہم نے عوام سے کئے وعدے پورے نہ کئے تو ووٹ کے حقدار نہیں ہونگے اور اگر ہم نے اپنے وعدے پورے کئے تو عوام فخر سے ہمیں ووٹ کی پرچی سے دوبارہ منتخب کرینگے۔
خبر کا کوڈ : 872864
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش