QR CodeQR Code

شام میں عوامی مزاحمت

شام، امریکی قابض فورسز کو نکال باہر کرنے کیلئے قبائلی عمائدین کا مرکزی اجتماع

6 Jul 2020 22:44

شامی سرکاری خبررساں ایجنسی سانا کیمطابق شام کے شمالی صوبے حسکہ سے تعلق رکھنے والے قبائلی عمائدین نے ملک پر قابض بیرونی فورسز کیخلاف "متحدہ شامی اجتماع" کے نام سے منعقد ہونیوالے اپنے اجتماع میں ملکی قیادت اور مسلح افواج کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔ شامی قبائلی عمائدین کے اس اجتماع نے امریکی فورسز سمیت ملک پر قابض تمام بیرونی قوتوں سے فی الفور ملکی سرزمین چھوڑ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے شامی عوام کو قومی سطح کے جامع مذاکرات کی دعوت دی۔ شام کے قبائلی عمائدین نے ملکی دولت لوٹنے اور ملکی سرزمین کے اندر غیرفوجی اڈے بنانے پر امریکہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور ایران و روس سمیت ملکی امن و امان و استحکام کیلئے کوشاں تمام شامی حلیفوں کا شکریہ ادا کیا۔


اسلام ٹائمز۔ شامی سرکاری خبررساں ایجنسی سانا کے مطابق شام کے شمالی صوبے حسکہ سے تعلق رکھنے والے متعدد قبائلی عمائدین نے اپنے علاقے سے قابض امریکی فورسز کو نکال باہر کرنے کے لئے شہر "القامشلی" کے اندر "متحدہ شامی اجتماع" (تجمع سوریا الواحدۃ) کے نام سے ایک مرکزی اجتماع منعقد کیا ہے۔ شامی قبائل نے اپنے اجتماع میں بین الاقوامی دہشتگردی اور امریکی قبضے کے خلاف شامی افواج کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے ملک کے شمالی علاقہ جات کے تمام قبائل کو امریکہ و ترکی سمیت تمام غیر ملکی قابض فورسز کے خلاف بھرپور مزاحمت کی دعوت دی۔

شام کے شمالی صوبے حسکہ کے اندر منعقد ہونے والے قبائلی عمائدین کے اس اجتماع نے اپنے مشترکہ بیان میں شامی عوام کے خلاف ہر قسم کی امریکی پابندیوں کے مقابلے میں ملکی قیادت اور مسلح افواج کی مکمل حمایت پر تاکید کی ہے۔ شامی قبائل کے اس اجلاس میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی قسم کی پابندیاں یا بیرونی دباؤ شامی قبائل کو ملکی سالمیت کے قومی اصول سے پیچھے ہٹا نہیں پائے گی۔ شامی قبائل نے اپنے اجتماع میں کرد ملیشیا (کرد ڈیموکریٹک فورس) کو امریکی چھتری تلے چلے جانے، قوم پر لگی امریکی پابندیوں کی حمایت اور ملک کی تعمیرِ نو و سیاسی راہ حل میں روڑے اٹکانے پر پر متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ منحوس امریکی اتحاد قوم کے تمام سپوتوں کو نشانے پر لے کر ملکی تزویراتی سرزمین اور بےبہاء دولت کو لوٹ رہا ہے جبکہ ایسی صورت میں اگر مسلح کرد ملیشیا قوم کی صف سے باہر نکل گئی تو تاریخ کی عدالت میں وہ قومی سرزمین کے چھینے گئے چپے چپے کی ذمہ دار ٹھہرے گی۔

شامی قبائل کے اس اجتماع نے امریکہ کی جانب سے ملکی قومی دولت لوٹنے کے لئے شامی سرزمین پر بنائے جانے والے غیر فوجی اڈوں کی شدید مذمت کی اور ملک کے اندر موجود قابض امریکی فورسز سے فوری طور پر ملکی سرزمین چھوڑ دینے کا مطالبہ کیا۔ جلسے کے اختتام پر جاری ہونے والے مشترکہ بیان میں شامی قبائل نے ملکی سرزمین سے امریکی و ترک قبضے کے فی الفور خاتمے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شام کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے قومی سپوتوں کو چاہئے کہ وہ جلد از جلد آپسی مذاکرات شروع کر دیں تاکہ اس ذریعے سے قومی سطح پر ہونے والی ایک جامع گفتگو کا آغاز کیا جا سکے۔ شامی قبائل نے اپنے جلسے میں ایران و روس سمیت شام کے اندر امن و امان و استحکام بحال کرنے کے لئے کوشاں تمام شامی حلیفوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔


خبر کا کوڈ: 872883

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/872883/شام-امریکی-قابض-فورسز-کو-نکال-باہر-کرنے-کیلئے-قبائلی-عمائدین-کا-مرکزی-اجتماع

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org