0
Monday 6 Jul 2020 22:53

اسٹبلشمنٹ کو سیاسی ہونے کا تاثر ختم کرنا ہو گا، سراج الحق

اسٹبلشمنٹ کو سیاسی ہونے کا تاثر ختم کرنا ہو گا، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ اپنا نیوٹرل رول بحال کرے، دشمن سے لڑنا ہے تو قوم اور فوج کو ایک پیج پر ہونا چاہئے، جماعت اسلامی مہنگائی کے خاتمے، بے روزگاری اور عوام کے حقوق کے لئے تحریک چلائے گی اور ہر مظلوم کی آواز بنے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں منصورہ میں مجلس عاملہ کے دو روزہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت یرغمال، اصل حکمرانی مافیاز کی ہے۔ حکومتی رٹ کہیں نظر نہیں آتی، جمہوری حکومتوں میں اسٹیبلشمنٹ کا کردار غیر جانبدار ہوتا ہے۔ ہمارے ملک کی اسٹیبلشمنٹ الیکشن پر اثر انداز ہوتی ہے۔ ہر جگہ اس پر لوگ بات کرتے ہیں اور انگلیاں اٹھتی ہیں۔ جتنی حکومت پر بات ہوتی ہے اتنی ہی اسٹیبلشمنٹ پر بھی بات ہوتی ہے۔ اسٹیبلشمنٹ کو کسی ایک پارٹی کے ساتھ نتھی ہونے کی بجائے اپنی غیر جانبداری کے تاثر کو بہتر بنانے کیلئے سوچنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ فوج کو مضبوط بنانا پاکستان کی ضرورت ہے۔بھارت جیسا مکار دشمن اژدھے کی صورت میں سرحدوں پر موجود ہے۔ دشمن کے مقابلے کے لئے فوج اور قوم کو ایک پیج پر آنے کی ضرورت ہے۔ فوج کا تقدس و خوشحالی غیرجانبدارانہ کردار میں ہی ہے۔ قوم اپنی فوج سے محبت کرتی ہے، کوئی جوان شہید ہوتا ہے تو ہر گھر میں ماتم ہوتا ہے، جب فوج اپنا وزن کسی خاص پلڑے میں ڈالتی ہے تو اس کا خاص اثر ہوتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد میں پانچ مندر پہلے ہی موجود ہیں ان کی بحالی کے اقدامات کئے جائیں، عمران خان سمیت ہر حکمران سمجھتا ہے کہ ان کا متبادل نہیں۔ ماضی میں بھی جو حکمران رہے وہ فوج کی سرپرستی حاصل ہونے کے دعوے فوج کی حمایت میں بننے والی حکومتیں کوئی رزلٹ نہیں دے سکیں۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ اگر آج فیصلوں پر ندامت کا ٹیسٹ ہوتا تو بائیس کروڑ عوام کا رزلٹ مثبت آسکتا ہے، پی ٹی آئی کو ووٹ دینے والے عوام اور ینگ ڈاکٹرز اپنے فیصلے پر پچھتا رہے ہیں۔ مضبوط جمہوریت پاکستان کے استحکام کے لئے ضروری ہے، قوم کے فیصلوں کو قبول کرنا چاہئے قوم محب وطن ہے اگر کہیں غلطی ہو جائے تو الیکشن میں درست کر لیں گے۔ اب مناسب نہیں کہ پینتالیس محکموں میں سے پچیس اداروں کو پرائیویٹائزیشن کی طرف لے جائیں۔ پی آئی اے، سٹیل مل اور ریلوے کے اثاثہ جات پر قبضہ کرنے کیلئے غیر ملکی ایجنٹس کی نظریں ان اداروں کی پراپرٹی پر ہیں۔ کہیں غبن یا کرپشن ہے تو ہاتھ ڈالنے کی ضرورت ہے۔ سٹیل ملز، ریلوے یا پی آئی اے کی تباہی کے ذمہ داروں کو پکڑا جائے۔ چھوٹے چور وں کو پکڑتے اور بڑوں کو چھوڑ دیتے ہیں۔ لاکھوں کی تعداد میں اوورسیز پاکستانیوں کے لئے حکومت نے کچھ نہیں سوچا، قرنطینہ سنٹروں میں اوورسیز پاکستانیوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا گیا۔
خبر کا کوڈ : 872889
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش