0
Monday 6 Jul 2020 23:59

جی بی الیکشن، انتخابی شیڈول پر مشاورت کیلئے اے پی سی طلب

جی بی الیکشن، انتخابی شیڈول پر مشاورت کیلئے اے پی سی طلب
اسلام ٹائمز۔ چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے عام انتخابات کے حوالے سے انتخابی شیڈول پر مشاورت کیلئے آل پارٹیز کانفرنس طلب کر لی۔ 9 جولائی کو ہونے والی اے پی سی میں تمام جماعتوں کے سربراہان شریک ہوں گے۔ الیکشن کمیشن جی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اے پی سی میں بروقت انتخابات کے حوالے سے تمام پارٹی صدرور سے تجاویز اور رائے طلب کی جائے گی اور ان کی تجاویز، پیشکش، گزارشات و خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے اہم فیصلے کیے جائیں گے۔ یاد رہے کہ ووٹر لسٹوں کی تیاری اور کرونا وائرس کے پیش نظر بروقت انتخابات پر پہلے ہی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں، اس حوالے سے سیاسی جماعتوں کی رائے منقسم ہے۔ نون لیگ کی سابق حکومت کی جانب سے اپنی مدت کے آخری ایام میں بلائی جانے والی اے پی سی میں نون لیگ سمیت دیگر جماعتوں نے انتخابات بروقت کرانے کا مطالبہ کیا تھا تاہم بعد میں حفیظ الرحمن نے اچانک یوٹرن لے لیا اور پولنگ کی تاریخ کو توسیع دینے کا مطالبہ کیا۔ دوسری جانب پیپلزپارٹی بروقت انتخابات کی حامی ہے، دیگر کئی جماعتیں الیکشن ملتوی کرنے کا کہہ رہی ہیں۔

الیکٹرول لسٹوں کی تیاری پر کام شروع نہ ہونے سے کئی سوالات بھی جنم لے رہے ہیں کیونکہ انتخابی شیڈول کے مطابق پولنگ میں ایک ماہ کا عرصہ رہ گیا ہے، اس دوران ووٹر لسٹوں کی تیاری، دیگر انتخابی تیاریاں مشکل نظر آ رہی ہیں تاہم الیکشن کمیشن کی جانب سے پیر کے روز جاری ایک اور بیان میں کہا گیا کہ چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت انتخابی فہرستوں کی تیاری کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں نادرا اسلام آباد کے آفیسرز، تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز شریک ہوئے۔ اجلاس میں نادرا کی جانب سے انتخابی فہرستوں کی تکمیل کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں تمام شرکاء نے انتخابی فہرستوں کی تکمیل کے حوالے سے اپنی تجاویز دیں۔ چیف الیکشن کمشنر نے نادرا کے افسران اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ جلد از جلد الیکٹورل رول کا کام تکمیل تک پہنچائے تاکہ جی بی اسمبلی کے انتخابات کا انعقاد بروقت ہو سکے۔ شرکاء نے چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کو یقین دہانی کرائی کہ وہ دن رات محنت کرکے الیکشن کے بروقت انعقاد کو ممکن بنانے کی کوشش کرینگے۔ یاد رہے کہ گلگت بلتستان کے عام انتخابات 18 اگست کو ہوں گے، الیکشن کمیشن کی جانب سے باقاعدہ انتخابی شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق انتخابی عمل جولائی کے دوسرے ہفتے سے شروع ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 872900
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش