QR CodeQR Code

پاک فوج کا کارگل جنگ کے دو عظیم سپوتوں کو خراج عقیدت

7 Jul 2020 08:02

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے پیغام میں کارگل کے ہیروز کی جرات، بہادری اور بے مثال قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مادر وطن کے دفاع کے لئے اپنی جان نچھاور کرنے سے بڑھ کر کوئی اعزاز نہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے قوم کے دو عظیم سپوتوں کیپٹن کرنل شیرخان، حوالدار لالک جان کے یوم شہادت پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مادروطن کے دفاع کیلئے جان نچھاور کرنے سے بڑھ کر کوئی اعزاز نہیں، قوم کو اپنے بہادر بیٹوں پر فخر ہے۔ہر قیمت پر ملکی دفاع کیلئے جوانمردی سے ڈٹے رہنا ہی دھرتی ماں کے بیٹوں کا شیوا ہے۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف نے کہا ہے کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید، حوالدار لالک جان شہید بہادری، لازوال جذبے، مثالی قیادت کا درخشندہ باب ہیں۔ صوابی اور غذر گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے ان عظیم شہداء نے اپنے خون سے ہر مشکل کیخلاف عزم و ہمت کی تاریخ رقم کی، مادروطن کے دفاع کے لیے اپنی جان نچھاور کرنے سے بڑھ کر کوئی اعزاز نہیں، قوم کو اپنے بہادر بیٹوں پر فخر ہے۔ قوم کے بہادر سپوت کرنل شیر خان (نشان حیدر) اور حوالدار لالک جان شہید (نشان حیدر) کا 21واں یوم شہادت آج عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔ قوم نے دونوں شہدا کو سلام عقیدت پیش کیا ہے، ملک کی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لئے جانیں قربان کرنے والے ان بہادر سپوتوں کی قبروں پر پھولوں کی چادر چڑھانے کی خصوصی تقاریب ہوں گی۔ 1999ء میں کارگل جنگ کے دوران لائن آف کنٹرول کے گلٹری سیکٹر پر کرنل شیر خان اور حوالدار لالک جان نے 7جولائی 1999ء کو جام شہادت نوش کیا۔ آزادکشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے اپنے پیغام میں کہا کہ قوم کو ان جیسے بیٹوں پر فخر ہے۔ یہ ایسے دو بہادر سپوتوں کی داستان ہے جنہوں نے جان تو دے دی لیکن نہ اپنے سر کو جُھکایا اور نہ ہی قوم کا سر جُھکنے دیا۔ یہ وہ بہادر ہیں جن کی بہادری کا برملا اعتراف دُشمن نے بھی کیا۔


خبر کا کوڈ: 872931

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/872931/پاک-فوج-کا-کارگل-جنگ-کے-دو-عظیم-سپوتوں-کو-خراج-عقیدت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org