0
Tuesday 7 Jul 2020 16:23

مائنس ون فارمولا میری نظر میں ناممکن ہے، شاہد خاقان عباسی

مائنس ون فارمولا میری نظر میں ناممکن ہے، شاہد خاقان عباسی
اسلام ٹائمز۔ سابق وزیراعظم و سینئر رہنما مسلم لیگ (ن) شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ مائنس ون فارمولا میری نظر میں ناممکن ہے کیونکہ نہیں سمجھتا کہ تحریک انصاف میں کوئی شخص عمران خان کی جگہ لے سکتا ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مجھے کورونا ہوا تو کم درجے کا بخار رہا، کورونا کی وجہ سے بے  پناہ کمزوری ہوئی اور ابھی بھی کمزوری ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں کورونا سے قبل 10 سے 12 کلو میٹر تک روز واک کرتا تھا لیکن کورونا سے اتنی کمزوری ہوئی کہ آدھا کلو میٹر کی واک بھی نہیں کرسکتا تھا، قرنطینہ سے پہلے 8 ماہ جیل میں گزارے اس لیے آئسولیشن کا احساس نہیں ہوا۔ شاہد خاقان عباسی نے تحریک انصاف کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ناکام ہوچکی اور کوئی مستقبل نظر نہیں آتا، میں تو چاہتا ہوں کہ حکومت 5 سال مکمل کرے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس حکومت کا ہر لمحہ ملک پر بھاری ہے، عدم اعتماد تحریک واحد راستہ ہے کیونکہ مائنس ون فارمولا میری نظر میں نہ ممکن ہے، نہیں سمجھتا کہ تحریک انصاف میں کوئی شخص عمران خان کی جگہ لے سکتا ہے۔ شاہد خاقان نے مزید کہا کہ جتنی میڈیا سنسر شپ اس حکومت کے دور میں ہے کسی اور دور میں نہیں رہی، اپوزیشن نے میڈیا کے لیے اسمبلی کے اندر اور باہر آواز اٹھائی ہے، موجودہ حکومت چینل بند کرواتی ہے اور لوگوں کو نوکریوں سے نکلواتی ہے، حکومت صحافیوں کا پُر امن احتجاج برداشت نہیں کرسکتی تو اور کیا کرسکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا عمران خان کو مشورہ دوں گا کہ گورننس کی بہتری کے لیے اپنا منہ بند رکھیں، وزیراعظم کو سوچ سمجھ کر بات کرنی چاہیے، عمران خان منہ بند رکھیں تو حالات 50 فیصد بہتر ہوسکتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 873046
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش