0
Tuesday 7 Jul 2020 21:41

مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا کا باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کئے گئے انتظامات پر اظہار اطمینان

مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا کا باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کئے گئے انتظامات پر اظہار اطمینان
اسلام ٹائمز۔ مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا اجمل وزیر نے پشاور کے باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کورونا کے حوالے سے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران مشیر اطلاعات کو تمام انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی جس پر انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔ دورے کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کی واپسی کیلئے فلائٹ آپریشن کا سلسلہ جاری ہے، مجموعی طور پر 162 مختلف پروازوں کے ذریعے 24 ہزار 785 مسافر باچا خان انٹربیشنل ایئرپورٹ سے پاکستان آئے ہیں، جبکہ 2 ہزار 596 مسافر پشاور ایئرپورٹ سے مختلف پروازوں کے ذریعے بیرون ملک جاچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک انتقال کر جانے والے 64 پاکستانیوں کے جسد خاکی واپس لائے گئے ہیں، آج بھی مزید 14 میتیں بیرونی ملک سے لائی گئی ہیں، ایئرپورٹ پر مسافروں کو چیک کرنے کیلئے بھرپور انتظامات کئے گئے ہیں، 13 ڈاکٹرز سمیت 32 افراد پر مشتمل طبی عملہ ایئرپورٹ پر تعینات ہے، ایئرپورٹ پر آنے جانے والے تمام افراد کی اسکریننگ کی جاتی ہے۔

مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا نے کہا کہ اپریل سے لے کر اب تک 48 ہزار 190 افراد کی اسکریننگ کی گئی ہے، جبکہ ایئرپورٹ پر مسافروں کیلئے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کیا جارہا ہے۔ اجمل وزیر نے کہا کہ صوبے میں 200 ہسپتال کورونا کیلئے مختص ہیں، ان ہسپتالوں میں 5 ہزار 440 بستر کورونا مریضوں کیلئے مختص ہیں، چارسدہ 50 بستروں پر مشتمل نو تعمیر شدہ ویمن اینڈ چلڈرن ہسپتال، جبکہ نشتر آباد پشاور میں کورونا مریضوں کیلئے 58 بستروں پر مشتمل ہسپتال مختص کیا ہے، دونوں ہسپتالوں کا جلد افتتاح کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں کورونا کیسز میں کمی آئی ہے، صوبے میں شرح اموات کا تناسب 5.2 فیصد سے کم ہو کر 3.6 ہوگیا ہے، جبکہ روزانہ کی بنیاد پر کئے جانے والے ٹیسٹس میں مثبت کیسز کی شرح 25 فیصد سے کم ہو کر 15 فیصد پر آگئی ہے، صوبے کے ہسپتالوں میں کورونا کیلئے مختص 50 فیصد بستر زیر استعمال ہیں، اسوقت اسپتالوں میں 63 مریض وینٹی لیٹر پر زیر اعلاج ہیں، پشاور کے اسپتالوں میں ٹوٹل 94 وینٹی لیٹرز ہیں جن میں صرف 51 زیر استعمال ہیں، اب تک ایک لاکھ 54 ہزار 278 کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا نے کہا کہ صوبے کے مختلف اضلاع میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے، کیسز کا تناسب دیکھنے کے بعد علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا جاتا ہے، گذشتہ روز پشاور کے ایک اور علاقے میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے، اب تک صوبے کے 244 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ ہے، لاک ڈاؤن والے علاقوں میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 ہزار 754 ہے، ان علاقوں کی آبادی 8 لاکھ 83 ہزار 390 افراد پر مشتمل ہے جنہیں گھروں تک محدود کیا گیا ہے۔ اجمل وزیر نے مزید کہا کہ وزیراعلٰی محمود خان کی ہدایت پر چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ان تمام اقدامات کو روزانہ کی بنیاد پر دیکھ رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 873112
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش