QR CodeQR Code

مقبوضہ کشمیر، نئی میڈیا پالیسی کیخلاف صحافیوں کا احتجاج

7 Jul 2020 21:49

مظاہرین نے کہا کہ جس طرح جمہوریت میں دیگر ستون لازمی ہے اسی طرح میڈیا کا ستون بھی ضروری ہے۔ جے کے میڈیا گلڈ کے صدرمیراعجازاحمد نے اس موقعہ پر کہا کہ حکومت کے ارادے واضح ہیں کہ وہ ذرائع ابلاغ کو سچ سامنے لانے سے روک رہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سرینگر میں ذرائع ابلاغ  سے وابستہ ایک گروپ نے نئی میڈیا پالیسی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اس کی فوری واپس کا مطالبہ کیا۔ صحافیوں کے ایک گروپ نے نئی میڈیا پالیسی کے خلاف سرینگر کی پریس کالونی میں ’’جے اینڈ کے میڈیا گلڈ‘‘ کے بینر تلے مظاہرہ کرتے ہوئے نعرہ بازی کی۔ احتجاجی صحافیوں نے بینرز اٹھائے ہوئے تھے جن پر ’’میڈیا  پر بندشیں بند کرو، ہم جمہوریت کے اہم ستون ہیں، میڈیا پالیسی 2020 منسوخ کرو‘‘ کے نعرے درج تھے۔ احتجاجی مظاہرین نے کہا کہ میڈیا کی نئی پالیسی کا مقصد جموں و کشمیر میں صحافیوں کو خاموش کرنا ہے اور حکومت کی اس پالیسی کو تیار کرنے والوں کو یہ سمجھنا چاہیئے کہ میڈیا جمہوریت کا اہم ستون ہے۔ مظاہرین نے کہا کہ جس طرح جمہوریت میں دیگر ستون لازمی ہے اسی طرح میڈیا کا ستون بھی ضروری ہے۔

جے کے میڈیا گلڈ کے صدر میر اعجاز احمد نے اس موقعہ پر کہا کہ حکومت کے ارادے واضح ہیں کہ وہ ذرائع ابلاغ کو سچ سامنے لانے سے روک رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم دباؤ میں نہیں آئیں گے اور اگر اس پالیسی کو واپس نہیں لیا گیا تو ہم ہر سطح پر اس کے خلاف آواز بلند کریں گے یہاں تک کہ ہم دہلی میں بھی ضرورت پڑنے پر احتجاج کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ذرائع ابلاغ کے تمام فورموں نے اس کے خلاف جدوجہد میں یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ جے کے میڈیا ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری میر ارشد نے کہا کہ نئی میڈیا پالیسی کا مقصد کشمیر میں پریس کی آزادی کا گلا گھونٹنا ہے۔

ذرائع ابلاغ سے وابستہ نمائندوں نے ہمیشہ مشکلات کے باوجود سچ کو سامنے لایا ہے۔ امتیاز احمد نامی ایک صحافی نے بتایا کہ نئی میڈیا پالیسی تمام اخبارات، نیوز چینلز اور دیگر تمام نیوز پلیٹ فارموں کے خلاف ہے اور اس پالیسی کے تحت کسی بھی خبر کی چھاپنے سے قبل حکومت اور پولیس کو پہلے سے آگاہ کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پولیس یا حکومت کو مطلع کرنے میں کوئی ناکام ہوتا ہے تو اس کے اخبار کی رجسٹریشن منسوخ ہوجائے گی، اس کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی یا حکومتی اشتہارات بند کردیئے جائیں گے۔ مظاہرین نے کہا کہ انہیں اپنی ملازمت کے ساتھ ساتھ آزادانہ ماحول میں کام کرنے کا موقعہ ملنا چاہیئے، کیونکہ وہ کسی کی زبان نہیں بننا چاہتے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 873116

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/873116/مقبوضہ-کشمیر-نئی-میڈیا-پالیسی-کیخلاف-صحافیوں-کا-احتجاج

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org