QR CodeQR Code

میڈیا چینلز پر لگائی جانے والی قدغن کیخلاف صحافی سراپا احتجاج، ملتان میں دھرنا

7 Jul 2020 22:27

احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ 24 نیوز کے لائسنس کی معطلی آزادی صحافت پر شب خون مارنے کے مترادف ہے، اس عمل سے ملک بھر میں 24 نیوز سے وابستہ ایک ہزار میڈیا ورکرز کو بے روزگار کرنے کی سازش کی گئی ہے جسے کسی بھی صورت میں تسلیم نہیں کیا جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ پیمرا کی جانب سے 24 نیوز کا لائسنس معطل کرنے اور ملک بھر میں نشریات بند کرنے کے خلاف ملتان یونین آف جرنلسٹس کے زیراہتمام دوسرے روز چوک کچہری پر احتجاجی دھرنا دیا گیا، دھرنے میں بہاولپور یونین آف جرنلسٹس، رحیم یار خان یونین آف جرنلسٹس اور ڈیرہ غازیخان پریس کلب کے عہدیداران و ممبران نے بھی شرکت کی۔ سہ پہر 3 بجے سے شروع ہونے والے احتجاجی دھرنے کے دوران شہر کے مصروف چوک کو رات گئے تک بند رکھا گیا۔ اس دوران صحافیوں اور میڈیا ورکرز نے پیمرا کے ناروا فیصلے کے خلاف زبردست نعرے بازی کی اور فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ رات گئے احتجاجی دھرنے میں وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی ندیم قریشی نے احتجاجی دھرنے میں پہنچ کر یونین عہدیداران سے مذاکرات کئے، جس کے بعد ان کی طرف سے کی گئی یقین دہانیوں کے بعد عارضی طور پر احتجاج ختم کر دیا گیا۔ اس موقع پر ندیم قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتی ہے، آزادی صحافت پر قدغن نہیں لگنے دیں گے، صحافیوں کے تحفظات بارے وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کو آگاہ کریں گے۔ کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والے احتجاج کی قیادت پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے نائب صدر رانا پرویز حمید، سینئر صحافی جمشید احمد رضوانی، ملتان یونین آف جرنلسٹس کے رہنمائوں صدر شکیل بلوچ، جنرل سیکرٹری شفقت بھٹہ اور فنانس سیکرٹری رانا عرفان الاسلام نے کی۔

 احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ 24 نیوز کے لائسنس کی معطلی آزادی صحافت پر شب خون مارنے کے مترادف ہے، اس عمل سے ملک بھر میں 24 نیوز سے وابستہ ایک ہزار میڈیا ورکرز کو بے روزگار کرنے کی سازش کی گئی ہے جسے کسی بھی صورت میں تسلیم نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں آزاد میڈیا کا نعرہ بلند کرنے والی حکومتی جماعت کو اب میڈیا کی آزادی ہضم نہیں ہو رہی اور مختلف ہتھکنڈوں سے میڈیا کے اداروں میں دبائو میں لانے کی کوشش کی جا رہی ہے جو کہ قابل مذمت ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ 24 نیوز کے لائسنس کی معطلی کا حکم واپس لے کر اس ادارے سے وابستہ 1 ہزار ورکرز کا معاشی قتل روکا جائے۔

 


خبر کا کوڈ: 873124

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/873124/میڈیا-چینلز-پر-لگائی-جانے-والی-قدغن-کیخلاف-صحافی-سراپا-احتجاج-ملتان-میں-دھرنا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org