QR CodeQR Code

پشاور، قومی محرم کمیٹی کے نمائندہ وفد کی ڈی سی سے ملاقات

7 Jul 2020 23:28

وفد نے آمدہ محرم الحرام میں مجالس و جلوس ہائے عزاء کے پرامن انعقاد کیلئے متعلقہ اداروں کو انتظامی امور بروقت یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور سیکورٹی سمیت، سٹریٹ لائٹس، بجلی پانی و گیس کی ترسیل، صفائی ستھرائی اور مرمتی کاموں کی بروقت انجام دہی کیلئے تجاویز پیش کیں۔


اسلام ٹائمز۔ قومی محرم کمیٹی پشاور کے ایک نمائندہ وفد نے آمدہ محرم الحرام میں مجالس و جلوس ہائے عزاء کے پرامن اور احسن انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر سے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ کر رہے تھے جبکہ وفد میں قومی محرم کمیٹی کے سربراہ ذاکر اہلبیت آخونزادہ مجاہد علی اکبر، سینئر ممبران شاہد امداد بیگ، سید اظہر علی شاہ جعفری، تعزیہ دار کونسل کے سربراہ خورشید علی آخونزادہ، ذاکر اہلبیت ذوالفقار علی حیدری، شیعہ علماء کونسل ضلع پشاور کے جنرل سیکرٹری علی عرفان میر، آغا سید مرتضی' عباس شاہ رضوی، سردارمحسن علی قزلباش اور عبد السعید شامل تھے۔

وفد نے آمدہ محرم الحرام میں مجالس و جلوس ہائے عزاء کے پرامن انعقاد کیلئے متعلقہ اداروں کو انتظامی امور بروقت یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور سیکورٹی سمیت، سٹریٹ لائٹس، بجلی پانی و گیس کی ترسیل، صفائی ستھرائی اور مرمتی کاموں کی بروقت انجام دہی کیلئے تجاویز پیش کیں، اس کے علاوہ تمام اداروں کے ساتھ قومی محرم کمیٹی کو مربوط بنانے کیلئے فوکل پرسنز جبکہ محرم الحرام میں عزاداری پروگرامات کو کورونا وباء سے محفوظ بنانے کیلئے ایس او پیز پر عملدرآمد پر بھی  باہمی اتفاق کیا۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے عزاداری کے حوالے قومی محرم کمیٹی کیجانب سے پیش کردہ تجاویز کو قابل عمل بنانے پر بھی اتفاق کیا اور کہا کہ ماہ محرم سے قبل تمام مرمتی و انتظامی کام کو مکمل کیا جائے گا جبکہ وفد کی جانب سے متوجہ کرنے پر اندورن شہر گیس پائپ لائن کیلئے کی گئی کھدائی کی جلد مرمت کے لئے موقع پر ہی احکامات صادر کئے۔


خبر کا کوڈ: 873133

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/873133/پشاور-قومی-محرم-کمیٹی-کے-نمائندہ-وفد-کی-ڈی-سی-سے-ملاقات

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org