QR CodeQR Code

علی زیدی بتائیں انہیں کون جے آئی ٹی رپورٹس دے رہا ہے؟ مرتضیٰ وہاب

8 Jul 2020 02:02

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان سندھ حکومت کا کہنا تھا کہ علی زیدی کا دماغی توازن ٹھیک نہیں ہے، دماغی اختراع کی کوئی قانونی حیثیت نہیں، علی زیدی نے جو الزامات لگائے وہ غلط، جھوٹ اور بے بنیاد تھے، ملک کے مسائل سے توجہ ہٹانے کے لئے بار بار وفاقی وزراء الزام تراشی کی باتیں کرتے ہیں


اسلام ٹائمز۔ سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی کہتے ہیں کہ  مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کی اصل رپورٹ اُن کے پاس ہے تو وہ بتائیں کہ کون انہیں جے آئی ٹی رپورٹس دے رہا ہے؟ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ تینوں کیسز میں سندھ حکومت نے جے آئی ٹی تشکیل دی تھی، وعدہ کیا تھا کہ تصدیق شدہ جے آئی ٹی پیش کریں گے اور ہم نے  وعدہ پورا کیا۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ علی زیدی نے فلور آف دی ہاؤس جھوٹ بولا ہے، علی زیدی نے کہا کہ پہلی جے آئی ٹی بنی اس پر کسی نے دستخط نہیں کیا، علی زیدی نے پھر کہا کہ ایک اور جے آئی ٹی بنی، جس میں چار دستخط ہیں، سندھ حکومت کو چار دستخط والی جے آئی ٹی تو نہیں ملی، علی زیدی نے کہا 4 دستخط والی جے آئی ٹی میرے پاس ہے، کیا چار دستخط والی رپورٹ علی زیدی کے پاس جمع ہوئی تھی؟ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری دستاویزات پر دستخط یا مہریں لگی ہوتی ہیں، ہم نے تینوں جے آئی ٹیز عدالتی حکم کے مطابق جاری کی ہیں، علی زیدی بتائیں چار دستخط والی جے آئی ٹی کس کے پاس جمع ہوئی؟

ترجمان سندھ حکومت کا کہنا تھا کہ علی زیدی نے بڑے بڑے دعوے کئے مگر کھودا پہاڑ اور نکلا چوہا، کیا وفاقی وزیر اس طرح غیر مصدقہ دستاویز اسمبلی میں دکھا سکتا ہے؟ علی زیدی نے اسمبلی کے فلور پر خدا کی قسم کھاکر کہا جے آئی ٹی میں قادر پٹیل کا نام ہے، سیاسی قیادت کو بدنام کرنے کے لئے اس طرح کی دستاویزات ماضی میں بھی بنائی گئی ہیں۔ مرتضیٰ وہاب کا مزید کہنا تھا کہ علی زیدی کا دماغی توازن ٹھیک نہیں ہے، دماغی اختراع کی کوئی قانونی حیثیت نہیں، علی زیدی نے جو الزامات لگائے وہ غلط، جھوٹ اور بے بنیاد تھے، ملک کے مسائل سے توجہ ہٹانے کے لئے بار بار وفاقی وزراء الزام تراشی کی باتیں کرتے ہیں اور بار بار پرانی باتیں کرتے ہیں جس کا حقیقت سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔


خبر کا کوڈ: 873147

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/873147/علی-زیدی-بتائیں-انہیں-کون-جے-آئی-ٹی-رپورٹس-دے-رہا-ہے-مرتضی-وہاب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org